ماں بیٹے کو قتل کرنے والے ملزم نے زہر کھا کر خودکشی کرلی
راشد کے گھر سے سامان برآمد ہوا جو اُس نے گزشتہ رات چوری کیا اور پھر ماں بیٹے کو قتل کردیا تھا، پولیس
پنجاب کے علاقے ساہیوال میں ماں اور بیٹے کو قتل کرنے والے قاتل نے زہر کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ساہیوال میں گزشتہ رات ماں اور بیٹے کو قتل کیا گیا تھا، جن کی لاشوں کو پولیس نے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے استپال منتقل کیا اور واقعے کی تفتیش کا آغاز کیا۔
پولیس تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گھر میں چوری کی واردات کے بعد ماں اور بیٹے کو قتل کیا گیا ہے۔ تحقیقات کا آغاز ہونے کے بعد غلہ منڈی سے آج پولیس کو ایک اور لاش ملی۔
ڈی ایس پی سٹی مہر یوسف نے آج ملنے والی لاش کو گزشتہ شب کے واقعے کی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ رات گئے ماں بیٹے کو قتل کرنے والے قاتل نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ قاتل راشد کے گھر سے چوری کیا گیا سامان ایل سی ڈی،موبائل اور مقتولہ کے کان کی بالیاں برآمد ہوئیں ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ قاتل اور مقتولہ کے آپس میں تعلقات تھے، ملزم راشد نے پولیس کی گرفتاری کے ڈر سے زہریلی گولیاں کھائیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے عنایت الٰہی کالونی ساہیوال میں ماں بیٹے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔