لاہور میں پلازہ میں لگنے والی آگ سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا

آگ کے باعث پلازہ میں موجود 4 افراد معمولی متاثر ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا


ویب ڈیسک April 01, 2014
پلازہ میں لگنے والی آگ پر ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

کلمہ چوک میں واقع سنچری پلازہ میں لگنے والی آگ پر ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تاہم آگ لگنے کے باعث 4 افراد معمولی متاثر ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سنچری پلازہ میں صبح 9 بج کر 45 منٹ پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پلازہ کی چوتھی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اطلاع ملنے پر ریسکیو کی متعدد گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور شعلے اگلتی آگ پر قابو پانے کوششیں شروع کیں، آگ کے باعث پلازہ کی چوتھی منزل پر موجود 4 افراد عمارت میں ہی پھنس گئے تاہم آگ اور دھویں سے متاثرہ افراد کو کرینوں سے نکال کر فوری طور پر طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

متاثرہ پلازہ میں نجی کمپنیوں کے دفاتر اور مختلف دکانیں موجود تھیں جن میں موجود تمام سامان جل کر راکھ ہوگیا، آگ کے باعث کلمہ چوک کے ارد گرد واقع سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور لوگوں کا رش لگ گیا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد پلازے میں لگی آگ پر قابو پالیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آگ پر فوری قابو پانے کے احکامات بھی جاری کئے اور متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے جبکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پلازہ میں لگنے والی آگ جدید آلات نہ ہونے کے باعث لگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں