اربوں روپے کے جعلی پنشن اسکینڈل میں ملزمان کی درخواست ضمانت منظور

ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم، ریفرنس کے فیصلے تک پاسپورٹ عدالت میں جمع رہیں گے، احتساب عدالت

احتساب عدالت نے تینوں ملزمان کی ضمانت 50، 50 لاکھ روپے میں منظور کرلی (فوٹو فائل)

احتساب عدالت نے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے جعلی پنشن اسکینڈل ریفرنس میں 3 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے اعجاز علی، ماجد علی اور اظہر حسین کی ضمانت منظور کرتے ہوئے فیصلے میں کہا ہے کہ تینوں ملزمان کی ضمانت 50، 50 لاکھ روپے میں منظور کی گئی۔ ساتھ ہی عدالت نے ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔


عدالت نے کہا کہ جب تک ریفرنس کا فیصلہ نہیں ہوتا اس وقت تک ملزمان کے پاسپورٹ عدالت میں جمع رہیں گے۔ نیب چاہے تو ملزمان کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست دائر کرسکتی ہے۔

نیب کے مطابق ریفرنس میں سابق ڈپٹی سیکرٹری فنانس عامر ضیا اسران سمیت 84 ملزمان نامزد ہیں۔ ملزمان پر حیدر آباد ٹریژری میں جعلی پنشن اسکینڈل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ملزمان پر قومی خزانے کو 3 ارب اور 20 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
Load Next Story