کراچی میں زیادتی مزاحمت پر نوجوان لڑکی قتل
مقتولہ کی عمر 15 سال تھی جسے گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا،ایس ایچ او
مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں فلیٹ سے لڑکی کی لاش ملی جس کو ذیادتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا۔
مبینہ ٹاؤن کے علاقے میں موسمیات کے قریب رہائشی عمارت کے فلیٹ سے نوعمر لڑکی کی لاش ملی ، ایس ایچ او مبینہ ٹائون انسپکٹر احمد مجتبیٰ نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 15 سالہ زینب دختر نعیم کے نام سے کی گئی جسے گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی گشت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور ملزم عرفان کھوکھر کو گرفتار کرلیا، ملزم پیشے کے اعتبار سے پلمبر ہے اور وہ گھر میں آیا تھا ، اس نے زینب کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے جس پر زینب نے مزاحمت کی تو عرفان نے اسے گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شور شرابہ سن کر اہل محلہ جمع ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی ، پولیس اہلکار بھی بروقت پہنچ گئے اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن نے مزید بتایا کہ وقوعہ کے وقت زینب گھر میں اکیلی تھی اور عرفان اس سے قبل ان کے گھر میں کام کرتا رہا تھا جس کی وجہ سے اسے معلوم تھا کہ زینب اس وقت گھر میں اکیلی ہوتی ہے ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔