الیکشن کی تیاری کریں اسمبلیاں اسی ماہ تحلیل ہوں گی عمران خان

ارکان الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک چلائیں اور حلقے کے عوام کو حکومت کی نااہلیوں سے متعلق آگاہ کریں، چیئرمین پی ٹی آئی


December 08, 2022
فوٹو فائل

عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو الیکشن کی تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے اسی ماہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا عندیہ دے دیا۔

لاہور کے زمان پارک میں اراکین اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے سیاسی صورت حال اور اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے مشاورت کی۔

اراکین نے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت اسمبلیوں کی تحلیل پر عام انتخابات ملتوی کرسکتی ہے۔ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ حکومت کے پاس فوری انتخابات کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن مجھے نااہل کرنے کی کوشش کررہا ہے، ارکان الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک چلائیں اور اپنے حلقے میں جاکر عوام کو حکومت کی نااہلیوں سے متعلق آگاہ کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پرویز الہیٰ کا ساتھ نبھانے کے حوالے سے مکمل اعتماد ہے، انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جب حکم ملے گا تو اسمبلیاں تحلیل کردوں گا۔

دوسری جانب اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 'قوم نے پاکستان میں اداروں کا غیر سیاسی کردار دیکھا ہے، اسٹیبلشمنٹ آئینی کردار میں واپس آئے اور حکومت فوری انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے'۔

انہوں نے کہا کہ 'دسمبر میں ہی صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی، الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر تشویش ہے کیونکہ ہم نے جو کیسز فائل کیے اُن پر سماعتیں نہیں ہورہیں، عدالتوں کو آزادانہ فیصلے کرنے چاہیں جو ہمیں نظر نہیں آرہے، عمران خان کے کردار کو تسلیم کرنا بہت ضروری ہے'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں