امید ہے جے آئی ٹی ارشد شریف قتل کیس میں دل جوئی سے کام کرے گی سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس کی 8 دسمبر کو ہونے والی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا

(فوٹو فائل)

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس کی 8 دسمبر کو ہونے والی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ارشد شریف قتل کیس کیلئے بنائی گئی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفیکیشن پیش کیا۔


حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کی معاونت کیلئے ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی اور ایس ایچ او تھانہ رمنا سمیت افسران پر مشتمل ٹیم بھی ہوگی، وزارت خارجہ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی نیروبی میں معاونت کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی ہے جس میں مزید سفارتی اقدامات بارے بھی بتایا گیا ہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو اسپیشل جے ائی ٹی کی معاونت بارے آگاہ کیا، توقع ہے مختلف ممالک سے شواہد اور بیانات اکٹھے کرنے کے کیلئے جے آئی ٹی دل جوئی سے کام کرے گی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے کیس جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کیا جا رہا ہے، کسی بھی مشکل یا رکاوٹ آنے پر ٹیم براہ راست چیف جسٹس آفس کو تحریری طور پر آگاہ کرے گی، توقع ہے جے ائی ٹی تحقیقات سے متعلق عبوری رپورٹس بھی وقتا فوقتاً ان چیمبرز جمع کروائے گی، پہلی عبوری رپورٹ آئندہ سماعت سے پہلے جمع کروائی جائے گی۔
Load Next Story