علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

12تا18 دسمبر 2022


December 11, 2022
12تا18 دسمبر 2022

برج حمل
سیارہ مریخ، 21 مارچ تا 20 اپریل
آپ کا سیارہ مریخ سفر، مطالعہ، سوچ سمجھ اور رابطوں کے آلات کے مقام پر الٹا چل رہا ہے۔ اس ہفتے ان سے متعلق اشیاء و امور پر توجہ رہے گی۔ کسی نئی تجارت یا ملازمت کی پیشکش موصول ہوسکتی ہے، اس کی پائے داری اور صداقت مشکوک ہوسکتی ہے۔ اس سلسلے میں تسلی کرلیجیے گا اور مذکورہ آلات کو خیال سے استعمال کریں تاکہ کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

برج ثور
سیارہ زہرہ، 21 اپریل تا 20 مئی
آپ کا سیارہ گڑھے سے نکل آیا ہے۔ اگرچہ گڑھے میں بھی موتی ہاتھ آجاتے ہیں لیکن اک دیکھا ان دیکھا ڈر جو اعصاب پر سوار پر ہے اس سے نجات مل جائے گی اور بزرگوں کا تعاون ملے گا۔ گذشتہ ایک سال سے جو کاموں میں غیرمتوقع مسائل پیدا ہورہے تھے وہ اب دور ہوجائیں گے۔ بیرون ملک سے منسلک کاموں میں بہتری کا امکان ہے اور آپ کی توجہ بھی اسی سمت رہے گی۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
اس ہفتے کے وسط میں شریکِ حیات کے ساتھ گھر سے متعلق کسی بات پر گرماگرمی کا اندیشہ ہے۔ جذبات کو قابو میں رکھیں تاکہ زیادہ تلخی کا اندیشہ نہ ہو یہ ضروری نہیں ہے کہ شریکِ حیات درست ہی ہو لیکن پھر بھی نرم رویے ہی جیت سکتے ہیں۔ ایسے وقت میں اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں، جِلدی اور سانس سے متعلق خاندانی یعنی موروثی بیماری کا اندیشہ ہے، محتاط رہیں۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
ملازمت اور کاروبار سے متعلق آپ گذشتہ ہفتے سے ایک الجھن کا سامنا کررہے ہیں، اگرچہ اس کے سلجھنے کا ابھی وقت نہیں آیا، لیکن امید ہے عارضی طور پر کوئی بہتری کا سامان ہوجائے گا۔ اگر آپ بیرون ملک سے منسلک کسی کام سے جُڑے ہیں تو کچھ الجھاؤ کے باوجود کافی بہتری کا امکان ہے۔ اپنی صحت اور مال کا خیال رکھیں، کسی نقصان کا اندیشہ ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
آپ کا سیارہ پانچویں یعنی محبت کے خانے میں ہے۔ یہ خانہ اولاد اور محبوب شخصیات سے تعلق رکھتا ہے اور آپ کی اعلٰی ذہانت اور تخلیقی صلاحیت سے بھی منسلک ہے۔ مذکورہ امور پر توجہ رہ سکتی ہے۔ بچوں کی صحت کا خیال رکھیں۔ مالی خرچ زیادہ بوجہ صحت ہوسکتا ہے۔ اچانک مالی فائدہ ممکن ہے، لیکن پیسہ جانے کا بھی اندیشہ ہے۔ بچوں اور محبوب سے وابستہ امیدیں ممکن ہے پوری نہ ہوں۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
14 دسمبر ایک شان دار دن ہوسکتا ہے۔ آپ کا سیارہ ایک اچھے مقام پر آچکا ہے جہاں وہ آمدن اور خوشی کو رنگ رہا ہے۔ اسے ہم ایسا تو نہیں کہہ سکتے کہ آپ کے سارے معاملات بہترین ہوجائیں گے لیکن پھر بھی ستر فی صد امور بہتر ہوجائیں گے۔ مالی فائدہ ہونے کے واضح اشارے موجود ہیں۔ شریکِ حیات کے ساتھ تعلق میں محتاط رہیں۔ اس ہفتے ان کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
سانس کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔ موسمی امراض آپ کو متاثر کرسکتے ہیں۔ قریبی افراد سے جاری اختلاف اور دوری اس ہفتے شاید آخری تلخی کا روپ دھارلے، کیوںکہ اس میں بہتری کے بند راستے کھل رہے ہیں۔ آپ کی سوچ میں وسعت ان امور میں کام یابی کے دروازے کھول دے گی۔ آپ کا سیارہ غوروفکر اور نئے سرے سے معاملات کو حل کرنے کے امکانات پر توجہ دلائے گا، جو آپ کو نِئے راستے سجھائے گا۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کا سیارہ پلوٹو آپ کا مالی سیارے مشتری سے تسدیس کا تعلق بنارہا ہے۔ ایسے وقت میں مالی فائدہ ہوسکتا ہے، اولاد کی خوش خبری مل سکتی ہے، لیکن آپ کا ذہن الجھا رہے گا اور مالی فائدہ ہوکے ضائع بھی ہوسکتا ہے، کیوںکہ مریخ کی آپ کی جیب پر خراب نظر ہے۔ ایسی صورت میں بٹوا راستے میں گر سکتا ہے، جیب بھی کٹ سکتی ہے۔ اس لیے محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کے گوشہ نشینی، نظربند اور چپ رہنے کا دور تقریباً گزر چکا ہے، اب آپ کا عملی میدان میں اترنے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ زندگی کے امور میں حائل جو اسپیڈ بریکر تھے وہ ختم ہورہے ہیں۔ اس ہفتے ممکن ہے ایسا کوئی جذباتی واقعہ ہو جو آپ کو اپنی اس صورت حال سے نکالنے میں مدد دے جس کا تعلق اولاد یا محبوب سے ہوسکتا ہے۔ بے اولاد افراد کا ممکن ہے بہتر معالج سے رابطہ ہوجائے اور اس سلسلے میں خوش خبری کی راہ ہموار ہوجائے۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
مالی فائدے اب تسلسل کے ساتھ ہوں گے۔ اس میں آپ کے پرانے تین دوست اور شریکِ حیات اور بزنس پارٹنر کا بھی عمل دخل ہوسکتا ہے۔ آپ لمبے عرصے کے لیے جو منصوبے بناچکے ہیں اب وقت آچکا ہے کہ اسے عملی شکل دی جائے۔ آپ کی سواری کی خواہش بھی عنقریب پوری ہوسکتی ہے۔ آپ کی جاری سوچوں میں الجھاؤ اب ختم ہورہا ہے، گویا ایک نیا دور شروع ہورہا ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
یہ ہفتہ اولاد کے لیے کچھ فکرمندی لاسکتا ہے۔ ان کی صحت کا خیال رکھیں۔ کافی ایام سے مریخ یہاں الٹا چل رہا ہے، وقتاً فوقتاً اولاد کے بارے میں تفکرات کے بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ ذہنی طور پر الجھے بنا ان مسائل کو حل کریں۔ آپ کی نیند بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ کسی غیراخلاقی تعلق سے گریز کیجیے گا۔ ایسے حالات بن سکتے ہیں اور آپ کی عزت پر حرف آسکتا ہے۔ گھر نیا ملنے یا بننے کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
وہ افراد کہ جن پر آپ تکیہ کیے بیٹھے ہیں اور سوچ رہے ہیں کہ سب اچھا ہے تو اب آپ کو اندازہ ہوجائے گا کہ ایسا نہیں ہے، آپ کو اپنے سوا کسی پر اتنا اعتماد نہیں کرنا چاہیے۔ یہ مہینہ ہوسکتا ہے جاتے جاتے آپ کی کی گئی اس سال کی کاوشوں کو نتیجہ خیز کرتا جائے اور آپ کے دو یا دو سے زیادہ راستوں سے مالی فائدوں کے دروازے کھل جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں