’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو انڈیا میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے ہندو انتہا پسند
جو لوگ پاکستانی اداکار فواد خان کے مداح ہیں وہ فلم دیکھنے کے لیے پاکستان چلے جائیں، امیہ کھوپکر
بھارتی انتہا پسند جماعت کے رہنما امیہ کھوپکر نے دھمکی دی ہے کہ وہ پاکستان کی بلاک بسٹر فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔
'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا اور صرف ایک ماہ کے دوران فلم نے دنیا بھر سے 200 کروڑ روپے کا بزنس کرکے ریکارڈ قائم کردیا تھا، یہ پنجابی زبان کی بھی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ثابت ہوئی۔
بھارتی میڈیا ذرائع کا دعویٰ تھا کہ فلم کو بھارت میں بھی ریلیز کیا جاسکتا ہے لیکن اس سے قبل ہی مہاراشٹر نونرمان سینا کے ہندو انتہا پسند رہنما نے فلم کے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی فلم کو بھارتی کمپنیاں بھارت میں ریلیز کرنا چاہتی ہیں لیکن ان کی جماعت ایسا نہیں ہونے دے گی۔
امیہ کھوپکر نے فواد خان کے مداحوں کو ایک اور ٹوئٹ میں غدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پاکستانی اداکار کے مداح ہیں وہ فلم دیکھنے کے لیے پاکستان چلے جائیں۔