چوہدری سالک کی نوازشریف سے لندن میں اہم ملاقات
آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ق کی قیادت چوہدری شجاعت کریں گے، مونس الہی رابطہ کرسکتے ہیں کوئی مسئلہ نہیں، سالک حسین
December 10, 2022
مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سالک حسین نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے ملاقات کی اور والد چوہدری شجاعت کا اہم پیغام بھی پہنچایا۔
ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، حسین اور حسن نواز بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئےمستقبل میں بھی ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ق لیگی رہنما چوہدری سالک حسین نے نوازشریف کی خیریت دریافت کی اور چوہدری شجاعت کا اہم پیغام پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر چوہدری سالک کی نوازشریف سے ملاقات کو اہم سمجھا جارہا ہے۔
نوازشریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک نے کہا کہ میاں نواز شریف سے پرانی اور آج کل جو کچھ چل رہا ہے اس پر بات ہوئی، والد صاحب نے کہا تھا کہ نواز شریف کو سلام پہنچاؤ اور خیریت بھی دریافت کرو۔
انہوں نے کہا کہ مونس الہیٰ نے حکومت میں جانے سے پہلے چوہدری شجاعت کو اعتماد میں نہیں لیا تھا، مونس الہیٰ جب چاہیں رابطہ کرسکتے ہیں مجھے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے، پی ٹی آئی حکومت نے جاتے وقت سی پیک اتھارٹی ختم کردی تھی۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ نواز شریف نے واپسی کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی، لگتا نہیں ہے ابھی اسمبلیاں توڑنے کا ارادہ ہے، آئندہ ایکشن میں پارٹی کی قیادت چوہدری شجاعت حسین ہی کریں گے۔