کراچی لڑکا پراسرار طور پر پانی کے ٹینک میں گرکر جاں بحق
ورثا کا پوسٹ مارٹم اور دیگر پولیس کارروائی کروانے سے انکار
گلشن معمار احسن آباد میں لڑکا پراسرار طور پر پانی کے ٹینک میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
سائٹ سپرہائی وے کے علاقے گلشن معمار احسن آباد اللہ بخش گوٹھ گلی نمبر 50 ایک گھر میں واقع پانی کے ٹینک میں پراسرار طور پر گر کر ایک لڑکا جاں بحق ہوگیا۔
متوفی کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد ورثا پوسٹ مارٹم اور دیگر پولیس کارروائی کروانے سے انکار کر کے لاش سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے لے گئے۔
ایدھی حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 15 سالہ حسنین ولد ذیشان کے نام سے کی گئی، متوفی کے گھر والوں نے ایدھی کے رضا کار کو بتایا کہ لڑکا ذہنی مریض تھا، خود پانی کے ٹینک میں چھلانگ لگائی اور جاں بحق ہوگیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بچہ ذہنی مریض نہیں تھا بلکل صحیح تھا، واقعہ کی ایم ایل او کی جانب سے کنٹرول انٹری کے باوجود پولیس موقع پر نہیں پہنچی۔