سیلاب نے خیرپور جیکب آباد کے درجنوں دیہات ڈبو دیے مزید 42 ہلاکتیں

دریائے سندھ میں گدو سکھر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب،لاہور سمیت بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بارش کاامکان۔


News Agencies/Numainda Express September 15, 2012
دریائے سندھ میں گدو سکھر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب،لاہور سمیت بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بارش کاامکان, فوٹو: اے ایف پی

جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، خیرپور، جیکب آباد کے مزید درجنوں دیہات زیرآب آگئے ہیں۔

نصیرآباد اور جعفرآباد میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے42 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ ہزاروں افراد اونچے مقامات پر پناہ لیے ہوئے ہیں اور امداد کے منتظر ہیں۔ جمعے کو اطلاعات کے مطابق ضلع خیر پور کے علاقوں نارا،کوٹ ڈیجی، شادی شہید اور پیرکوکو میں پہاڑی ندی نالوں سے آنے والے سیلابی ریلوں نے مزید 30 دیہات ڈبودیے، ٹھیڑی میں پانی کی نکاسی نہ ہونے اور امداد نہ ملنے کے خلاف لوگوں نے احتجاج بھی کیا۔ گوٹھ ورو بھنبھرو، ترائی سمیت متعدد دیہات میں متعدد مکانات برباد ہوگئے ہیں۔ پانی نے پولٹری فارمز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور ہزاروں مرغیاں بہہ گئیں۔

جیکب آباد کی یونین کونسل جونگل میں بھی درجنوں دیہات زیرآب آگئے، پانی میں پھنسے ہوئے سیکڑوں افراد مدد کے منتظر ہیں۔ جیکب کی شاہی کینال میں پڑنے والے شگاف سے 150سے زائد دیہات زیر آب آچکے ہیں اور دیگر نہروں میں پانی کا دبائو ہونے کی وجہ سے سیلابی پانی ٹھل شہر کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ادھر ڈیرہ غازی خان، راجن پور، جام پور اور تونسہ کے مختلف متاثرہ علاقوں میں فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے اب تک 1500 خاندانوں میں راشن کے تھیلے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ ادھربلوچستان کے ضلع نصیرآباد اور جعفرآباد میں سیلابی ریلے میں بہہ جانیوالے42 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ممبر احمد کمال نے ایک انٹرویو میں بتایاہے کہ تباہ کن بارشوں سے مجموعی طور پر 100 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 8 ہزار 616 مکانات کو نقصان پہنچا، آئندہ چند روز میں زیرآب علاقوں سے پانی نکل جائے گا، جس کے بعد پانی سے پیدا ہونیوالے امراض پر قابو پانا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ فیڈرل فلڈ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں گدو سکھر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا تاہم ملک کے دیگر تمام بڑے دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب میں لاہور، راولپنڈی،گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، بالائی خیبرپختونخوا میں مالاکنڈ، پشاور، ہزارہ اورکوہاٹ ڈویژن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میںکہیںکہیںگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ منگل تک جاری رہے گا جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں