تمام جماعتوں سے اتحاد کے باوجود ایم کیو ایم کیساتھ زیادتیاں جاری ہیں وسیم اختر

عمران خان کے بیانات جھوٹ کا پلندہ ہیں، وہ آج بھی اداروں کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں، رہنما ایم کیو ایم


ویب ڈیسک December 12, 2022
آج بھی ہمیں اتنی سیاسی آزادی نہیں جتنی دیگر سیاسی جماعتوں کو ہے ، سابق میئر کراچی (فوٹو فائل)

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر وسیم اختر نے کہا کہ تمام جماعتوں سے اتحاد کے باوجود ہمارے ساتھ زیادتیاں جاری ہیں۔

بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر نے اعلان کیا کہ 18 دسمبر کو نشتر پارک خواتین کنونشن کرنے جارہے ہیں۔ جب بھی کسی قسم چیلنجز کا سامنا ہوا، ہم نے اس طرح کے کنونشن منعقد کیے ہیں۔ آنے والے بلدیاتی الیکشن اور موجود سیاسی حالات میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت رہ چکی ہے۔

سابق میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے ، کراچی نے ہمیشہ سب سے زیادہ مینڈیٹ ایم کیو ایم کو دیا ہے ۔ ایم کیو ایم کو حاصل بہت بڑا مینڈیٹ خواتین کا ہے ۔ 22 اگست کے بعد جو مشکلات پڑیں، اس کے باوجود ہم نے اپنا سیاسی کردار ادا کیا ہے ۔ آج بھی ہمیں اتنی سیاسی آزادی نہیں جتنی دیگر سیاسی جماعتوں کو ہے ، لیکن ہم اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔

وسیم اختر نے کہا کہ پورے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے باوجود ہمارے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ وفاقی اور سندھ حکومت کی جو پالیسی ہے، اس سے ہمارے مینڈیٹ کو مسلسل تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جس طرح حلقہ بندیاں کی گئی ہیں، اس سے ہماری نشستیں کم ہوں گی۔ ہم صاحب اقتدار سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں بھی سیاسی اسپیس دیا جائے۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہم سے الگ ہوکر سیاست کرنے والوں کو کراچی والوں نے مسترد کیا۔ جو لوگ موم بتی، تالا اور مچھلی کے نشان پر الیکشن لڑے، انہیں عوام نے رد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیاں نئی ہونی چاہییں۔ الیکشن سے قبل دھاندلی ہوچکی ہے۔ پیپلز پارٹی کے پاس اب بھی آپشن ہے۔ عمران خان کے بیانات جھوٹ کا پلندہ ہیں، وہ آج بھی اداروں کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

وسیم اختر نے کہا کہ ہماری نظر میں دھاندلی ہو چکی ہے ایسی صورتحال میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج تسلی بخش نہیں ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں