4 سالہ بیٹے کی موت گھر کے ٹینک میں ڈوبنے سے نہیں ہوئی ببرک شاہ

چار دسمبر کو اداکار نے فیس بک پر بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا بیٹا اس دنیا میں نہیں رہا

فوٹو: فائل

معروف پاکستانی اداکار ببرک شاہ نے اپنے چار سالہ بیٹے کی المناک موت کی اصل وجہ بتائی ہے۔

چار دسمبر کو اداکار نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا بیٹا اس دنیا میں نہیں رہا، ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔

اداکار نے لکھا تھا کہ میرے تمام بیٹوں میں سے یہ سب سے زیادہ ذہین اور بہترین تھا، اللہ اس کی مغفرت فرمائے۔


کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ببرک کے بیٹے زاویار کی موت گھر میں پانی کے ٹینک میں ڈوب کر ہوئی لیکن اداکار نے اب ان تمام خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کردی۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ببرک شاہ نے بتایا کہ پانی کے ٹینک سے بچے کی موت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، میرے پورے گھر میں کوئی ٹینک موجود نہیں ہے، یہ خبر ایک شخص نے پھیلائی میں اس کا نام نہیں لینا چاہتا، میری اس شخص کے لیے دعا ہے کہ اس اپنی زندگی میں دو بیٹوں کو دفنانے کا موقع ملے۔

اداکار نے بتایا کہ میرے کم سن بیٹے کی موت گھر کے قریب ایک تالاب میں ڈوبنے سے ہوئی، بیٹا بغیر کسی کو بتائے وہاں اکیلا چلا گیا تھا، کچھ دیر بعد ہم نے اس کی تلاش شروع کی تو معلوم ہوا وہ تالاب میں گر گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں اپنے بچے کو لے کر ہسپتال بھاگا لیکن وہ اس سے پہلے دم توڑ چکا تھا۔
Load Next Story