آج سے پہلے کبھی ملک کے اتنے برے معاشی حالات نہیں تھے عمران خان
مجھے حیرت ہے تاجر برادری کیوں آواز نہیں اٹھا رہی تاجر اور صنعتکار کیوں خاموش ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج سے پہلے کبھی ملک کے اتنے برے معاشی حالات نہیں تھے، قوم کے عمل میں ہونا چاہیے کہ ہم کس سمت میں جارہے ہیں۔
لاہور میں عمران خان کا معاشی ٹیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا ایک اہم کردار ہے انہیں اپنے ملک کی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے، ملک تیزی سے نیچے جا رہا ہے اس کا اثر تمام اداروں پر پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حالات نہ سنبھالے گئے تو مزید خراب ہو سکتے ہیں، آج صرف قوم نہیں اداروں سے بھی مخاطب ہوں پوری قوم کو معلوم ہونا چاہیے ہم کس طرف جا رہے ہیں، مجھے حیرت ہے تاجر برادری کیوں آواز نہیں اٹھا رہی تاجر اور صنعتکار کیوں خاموش ہیں؟
علاوہ ازیں عمران خان نے اخبار اور میڈیا ہاؤسز سے متعلق کہا کہ انہیں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عوام کو آگاہ کرنا چاہیے تھا کہ ہم خطرے کے کس کنارے پر کھڑے ہیں، افسوس کہ وہ اس عوام کو آگاہ نہیں کررہے۔