پاکستانی فلم ’کملی‘ کو یورپی فلم فیسٹیول میں دکھایا جائے گا
فلم میں صبا قمر، نمرہ بچہ ، ثانیہ سعید، حمزہ خواجہ سمیت عمیر رانا نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں
پاکستانی فلم 'کملی' کی انٹرنیشنل فلم فیسٹول روٹرڈیم میں اسکریننگ کی جائے گی۔
پاکستانی اداکار اور فلمساز سرمد کھوسٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ کے ذریعے اپنی فلم کی ایک اور کامیابی کا اعلان کیا۔
سرمد نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ ان کی فلم 'کملی' یورپ کے ایک فلمی میلے آئی ایف ایف آر میں اسکرین کی جائے گی۔
انہوں نے لکھا کہ امید ہے فلم دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑنے میں کامیاب ہوگی ۔
فلم فیسٹول اگلے برس نیدرلینڈ کے شہر روٹرڈیم میں منعقد ہوگا اور یہ 25 جنوری سے 5 فروری تک جاری رہے گا۔
فلم میں صبا قمر، نمرہ بچہ ، ثانیہ سعید، حمزہ خواجہ سمیت عمیر رانا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ یہ فلم رواں برس 3 جون کو ملکی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔
2021 میں اس فلمی میلے میں بھارتی فلم 'پیبلز'نے کامیابی حاصل کی تھی۔