یوکرین پر روس کے ڈرون حملے برطانیہ نے ایرانی شخصیات پر پابندی لگادی

تہران اور ماسکو نے ایرانی ساختہ ڈرونز سے یوکرین پر حملوں کے مغربی الزامات کو بے بنیاد قرار دیا

فوٹو فائل

برطانیہ نے ایرانی ساختہ ڈرونز سے یوکرینی شہروں پر روسی حملوں کا الزام لگاکر متعدد ایرانی شخصیات پر پابندی عائد کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی حکام کی جانب سے یوکرین پر ڈرون حملوں کے بعد 12 روسی کمانڈروں سمیت متعدد ایرانی تاجروں پر سخت ترین قدغنیں لگائی ہیں جن پر روس کیلئے ملٹری ڈرون تیار کرنے اور سپلائی کرنے کا الزام ہے۔

خیال رہے کہ پیر کے روز یوکرین نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی میزائل، آرٹلری اور ڈرونز نے ملک کے مشرقی اور جنوبی حصے میں متعدد جگہوں پر حملے کیے۔


یوکرینی حکام کے بعد برطانیہ نے ایران پر الزام عائد کیا کہ ایران کے تیار کردہ ڈرونز یوکرینی شہریوں پر حملے میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

برطانیہ نے ایران اور روس کے فوجی تعلقات کے حوالے سے امریکی رپورٹ کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران روس کا سب سے بڑا فوجی حمایتی ہے جس نے روس کو سیکڑوں ڈرونز فراہم کیے۔

مزید پڑھیں : ایران نے مظاہروں کی حمایت پر یورپی اور برطانوی شخصیات کو بلیک لسٹ کردیا

دوسری جانب تہران اور ماسکو نے یوکرین پر ایرانی ساختہ ڈرونز سے حملوں کے مغربی الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔
Load Next Story