وزارت خزانہ نے پاکستانی سفارت خانوں اور مشن ملازمین کیلیے فنڈز جاری کردیے

بیرون ملک متعدد پاکستان مشنز اور سفارتخانوں کیلئے تیسری سہہ ماہی تک کے فنڈز وزارت خارجہ کو جاری کردیئے گئے ہیں


Irshad Ansari December 13, 2022
—فائل فوٹو

وزارت خزانہ نے بیرون ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں اور مشن کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگیوں سمیت دیگر مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے فنڈز جاری کردیئے۔

وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک میں متعدد پاکستان مشنز اور سفارتخانوں کیلئے تیسری سہہ ماہی تک کے فنڈز وزارت خارجہ کو جاری کردیئے گئے ہیں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ذرمبادلہ کی فراہمی کی بھی منظوری دیدی ہے۔

ڈالر کی قلت کے باعث وزارت خزانہ کی جانب سے فنڈز کا اجراء روکنے کی وجہ سے بیرون ملک متعدد پاکستان مشن کے ملازمین کی تنخواہیں 4 ماہ سے بند ہونے کا انکشاف ہوا تھا، فنڈز کی قلت کے باعث درپیش مسائل کیلئے یورپ سے کئی مشن نے وزارت خارجہ کو خطوط بھی ارسال کیے تھے۔ جن میں بتایا گیا تھا کہ مشن کو پچھلے 4 ماہ میں 50 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی نہیں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق جرمنی سے پاکستان یورپ مشن نے وزارت خارجہ کو خط میں لکھا تھا کہ تنخواہیں نہ ملنے سے مشن کے امور سرانجام دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔اس کے علاوہ امریکا، فرانس، جرمنی، عمان، ویانا، بیلجئم مشن میں موجود ملازمین کو بھی تنخوائیں نہیں ملیں جبکہ ایران، ترکی اور افغانستان میں بھی موجود وزارت خارجہ کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگیاں بھی تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

وزارت خارجہ نے بذریعہ خط وزارت خزانہ کو صورتحال سے آگاہ کیا تھا تاہم متعلقہ حکام ڈالرز کے ذخائر کم ہونے کی وجہ سے رقم جاری نہیں کررہا تھا ۔ رابطہ کرنے پر ترجمان وزارت خزانہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ وزارت خزانہ نے بیرون ممالک قائم پاکستانی سفارتخانوں و پاکستانی مشن کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگیوں سمیت دیگر مالی ضروریار پوری کرنے کیلئے فنڈز جاری کردیئے ہیںْ

وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک متعدد پاکستان مشنز اور سفارتخانوں کیلئے تیسری سہہ ماہی تک کے فنڈز وزارت خارجہ کو جاری کردیئے گئے ہیں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ذرمبادلہ کی فراہمی کی بھی منظوری دیدی ہے۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے بیرون ملک پاکستانی مشنز کو مالی مشکلات کے بارے میں کہا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کو فنڈز رکھنے میں متعدد اقدامات اور لین دین کا سلسلہ شامل ہوتا ہے جس میں کبھی کبھار تاخیر ہو جاتی ہے۔

ترجمان نے میڈیا رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت خارجہ اس سلسلے میں وزارت خزانہ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مصروف عمل ہے، حکومت پاکستان کی پالیسی ہے کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کے کام کو یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ محکمے اس مقصد کے لیے پرعزم ہیں۔ بیرون ملک پاکستانی سفارت کار اور مشن پاکستان کی نمائندگی اور اپنے فرائض سرانجام دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |