رمیز راجہ نے جونیئر لیگ کا مستقبل ’’محفوظ‘‘ بنا دیا

پی سی بی کااہم کمرشل پارٹنر سے 20 سالہ معاہدے کا ایم او یو سائن


Saleem Khaliq December 14, 2022
کمرشل و پروڈکشن سمیت بیشتر رائٹس فروخت کرنے کا اختیار حاصل۔ فوٹو: پی سی بی

پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان جونیئر لیگ کا مستقبل ''محفوظ'' بنا دیا۔

پاکستان جونیئر لیگ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا ڈریم پروجیکٹ ہے،اولین ایڈیشن رواں برس اکتوبر میں منعقد ہوا تھا، فرنچائز سمیت ٹائٹل اسپانسر شپ وغیرہ فروخت کرنے میں پی سی بی کو خاصے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، اسی لیے تمام ٹیموں کے حقوق اس نے اپنے پاس ہی رکھے، پھر ایونٹ کے درمیان میں ہی مینجمنٹ اور کمرشل رائٹس فروخت کرنے کی کوششیں شروع کر دی گئیں اور ٹینڈر بھی جاری ہوا۔

پہلے ایک پی ایس ایل فرنچائز اونر کو قائل کیا جا رہا تھا البتہ ذرائع کے مطابق بورڈ نے اب اپنی دیرینہ کمرشل پارٹنر کمپنی سے ہی معاملات طے کر لیے ہیں، اس کی بڈ سب سے بڑی ثابت ہوئی،20 سالہ معاہدے کے ایم او یو پر بھی دستخط ہو چکے ہیں۔

کمرشل، پروڈکشن جیسے اہم رائٹس کی فروخت سمیت بیشتر معاملات مذکورہ کمپنی ہی سنبھالے گی، لیگ مکمل طور پر آؤٹ سورس ہو جائے گی، البتہ کرکٹ پی سی بی کے قوانین کے مطابق ہی ہوگی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ معاہدہ پہلے ایڈیشن سے ہی لاگو ہوگا جس پر 80کروڑ سے ایک ارب روپے کے اخراجات آئے تھے،ذرائع کے مطابق بورڈ کو سالانہ تین ملین ڈالر تک حاصل ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب کرکٹ کے حلقوں کا کہنا ہے کہ جونیئر لیگ کا پروجیکٹ فلاپ ثابت ہوا تھا، اگر بورڈ میں کوئی تبدیلی آئی تو نئے چیئرمین کیلیے اسے جاری رکھنا آسان ثابت نہیں ہوگا، البتہ رمیز راجہ نے 20 سالہ معاہدہ کرکے لیگ کا مستقبل ''محفوظ'' بنا دیا، مستقبل میں معاہدے سے پیچھے ہٹنے پر بورڈ کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس حوالے سے جب نمائندہ ''ایکسپریس'' نے ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی سے رابطہ کیا تو انھوں نے جواب دینا مناسب نہ سمجھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں