جگہ خطرناک نہیں لوگ خطرناک ہوتے ہیں لیاری سے متعلق کیفی خلیل کا تبصرہ
لوگ کہتے ہیں کہ لیاری میں رہتے ہو وہ تو خطرناک جگہ ہے، مگر لوگوں کا لیاری سے متعلق یہ تاثر غلط ہے، کیفی
لیاری کے رہائشی بلوچی گلوکار کیفی خلیل کا کہنا ہے کہ جگہ نہیں بلکہ لوگ خطرناک ہوتے ہیں اور وہ کہیں بھی پائے جا سکتے ہیں۔
کیفی خلیل کا ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے رہائشی علاقے لیاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ' لیاری کے بارے میں لوگوں کا تاثر غلط رہا ہے اور اسے غلط سمجھا گیا ہے، یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں فن اور کھیلوں کو پسند کیا جاتا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے'۔
کیفی کا کہنا تھا کہ 'بطور گلوکار لیاری کے لوگ مجھے بہت عزت دیتے ہیں انہیں یہ اچھا لگتا ہے کہ میں گلوکار ہوں اور اُن کے علاقے سے تعلق رکھتا ہوں'۔
کنا یاری سے مشہور ہونے والے گلوکار کیفی نے کہا کہ 'لیاری ایسی جگہ نہیں ہے جو خطرناک ہو جگہ نہیں بلکہ لوگ خطرناک ہوتے ہیں اور وہ لوگ ہر جگہ پائے جا سکتے ہیں'۔
یاد رہے کہ کوک اسٹوڈیو کے گانے'کنا یاری' کے بول کراچی کے علاقے لیاری کے رہنے والے کیفی خلیل اور ایوا بی نے تحریر کیے جبکہ دونوں نے بلوچستان کے گلوکار عبدالواہاب بگٹی کے ساتھ اس گانے کو گایا جس نے خوب شہرت کمائی۔
کچھ ماہ قبل کیفی نے اپنا نیا گانا 'کہانی سنو' ریلیز کیا جس کو مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جارہا ہے۔