عمران خان سمیت پی ٹی آئی اراکین استعفوں کی تصدیق کیلیے اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے
ہمارے تمام 125 اراکین استعفوں کی تصدیق کیلیے قومی اسمبلی جائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے استعفوں کی تصدیق اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جانے کا اعلان کردیا۔
نوجوانوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم لاہور کے لبرٹی چوک پر 17 دسمبر کو ایک بڑا پروگرام کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جلسے میں بطور پارٹی سربراہ میں اسلمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اس کے بعد ہمارے قومی اسمبلی کے 125 اراکین استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر کے پاس جائیں گے اور اپنے استعفے قبول کروائیں گے۔
مزید پڑھیں: اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان 17 دسمبر کو کریں گے، عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گزشتہ سات ماہ کے دوران ملک کے تمام معاملات اور خاص طور پر معاشی صورت حال بہت خراب ہوگئی ہے، تمام مسائل سے نکلنے کا واحد حل شفاف انتخابات ہیں جس کے لیے تمام اداروں کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے اور وہ مجھے الیکشن کمشنز کے ساتھ مل کر انتخابی میدان سے باہر کرنا چاہتی ہے مگر میں جب تک زندہ ہوں اپنے ملک اور قوم کے لیے آواز بلند کرتا رہوں گا۔