جامعہ کراچی کا پی ایچ ڈی پروگرام میں سال میں دوبار داخلے دینے کا فیصلہ

واضح رہے کہ سال 2019 میں بھی پی ایچ ڈی پروگرام میں سال میں دو بار داخلے دیے گئے تھے تاہم بعد میں یہ سلسلہ معطل ہوگیا


Safdar Rizvi December 14, 2022
فائل فوٹو

جامعہ کراچی کے بورڈ برائے ایڈوانس ریسرچ نے پی ایچ ڈی پروگرام میں سال میں دو مرتبہ داخلے دینے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جامعہ کراچی کی جانب سے سن 2019 میں بھی سال میں دو مرتبہ پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے دئیے گئے تھے تاہم بعد میں اس سلسلے میں تعطل آگیا تھا۔

نمائندہ ایکسپریس نیوز کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بدھ کو بورڈ برائے ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، اس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کی۔

علاوہ ازیں اس فیصلے کے حوالے سے اجلاس کے بعد وائس چانسلر نے "ایکسپریس" کو بتایا کہ سال کے مختلف اوقات میں طلباء و طالبات اپنا ایم فل مکمل کرکے کئی کئی ماہ تک پی ایچ ڈی میں داخلوں کا انتظار کرتے تھے اور داخلوں کا اعلان سالانہ بنیادوں پر ایم فل اور ایم ایس کے ساتھ مئی میں کیا جاتا تھا تاہم جو طلبہ پی ایچ ڈی کی ریسرچ کرنا چاہتے ہیں ان کے کئی ماہ ضائع ہوجاتے تھے لہذا اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سال میں پی ایچ ڈی کے دو سیشن ہونں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار علیحدہ سے داخلے دسمبر/ جنوری میں دیے جائیں گے جب کہ دوسری بار ایم فل/ایم ایس کے ساتھ روایتی طور پر داخلے دیے جائیں گے۔

وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ضروری ابتدائی کارروائی کے بعد جنوری میں داخلوں کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پی ایچ ڈی پروگرام میں سال میں دو بار داخلوں کی تجویز جامعہ کراچی کے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے بورڈ برائے ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کو دی گئی تھی جسے تمام شعبوں کے لیے منظور کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں