بھٹو کی برسی بلاول کے امتحان کی وجہ سے تقاریب کا شیڈول تبدیل

3اپریل کو لندن میں پرچہ ہے،مرکزی مجلس عاملہ کااجلاس 4اپریل کی صبح اورجلسہ دوپہرمیں ہوگا

بلاول بھٹو، آصف زرداری ودیگر رہنما خطاب کرینگے، مختلف شہروں میں برسی کی تیاریاں جاری۔ فوٹو: فائل

بلاول بھٹو زرداری کے لندن میں پرچے کے باعث شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 35ویں برسی کی تقاریب کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے، جلسہ عام 3اور 4اپریل کی درمیانی رات کے بجائے 4اپریل کو دوپہر ایک بجے ہوگا۔


پی پی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری 3اپریل کولندن میں امتحانی پرچہ ہوگا، روایت کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے ہر سال 3اور 4اپریل کی درمیانی شب رات 12بجے گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسہ عام کا اہتمام کیا جاتا ہے، جلسے سے پارٹی قائدین اور مرکزی رہنما خطاب کرتے ہیں تاہم اس سال بلاول بھٹو زرداری کے امتحانی پرچے کے باعث برسی کی تقریبات کو رات کے بجائے 4اپریل کی دوپہر ایک بجے رکھا گیا ہے ۔گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسہ عام سے بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف زرداری، پیپلز پارٹی کے صوبائی صدور اور مرکزی رہنما خطاب کرینگے۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کا وقت بھی تبدیل کرکے 3اپریل کی شام 7بجے کے بجائے 4اپریل کی صبح رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب ذوالفقار علی بھٹو کی 35 ویں برسی کے سلسلے میں نوشہروفیروز، خیرپور اور کنب میں بھی تیاریاں جاری ہیں، پیپلز پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے رہنمائوں و کارکنان 4 اپریل کو قافلوں کی صورت میں گڑھی خدا بخش جانے کے انتظامات کررہے ہیں، اس سلسلے میں ایم پی اے غزالہ سیال، ایم این اے نواب خان وسان ودیگر رہنمائوں نے اجلاس منعقد کرکے برسی کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
Load Next Story