کراچی سیاسی کارکن سمیت 5افرادہلاک مشتعل افراد کا ہنگامہ

ناظم آباد میں اے این پی کا رکن قتل،سہراب گوٹھ میں عہدیدار پرحملہ، ڈرائیور ہلاک

ناظم آباد میں اے این پی کا رکن قتل،سہراب گوٹھ میں عہدیدار پرحملہ، ڈرائیور ہلاک

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اے این پی کے سابق عہدیدار سمیت5افراد ہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق شارع نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد ڈی سلوا ٹاؤن بلاک کیو میں نامعلوم مسلح ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار اے این پی کا سابق علاقائی عہدیدار نصیب خان ہلاک ہوگیا

فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، قصبہ کالونی اور کٹی پہاڑی کے اطراف مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ہنگامہ آرائی شروع کردی، مشتعل افراد نے گاڑیوں پر پتھراؤ کرکے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے اور سڑکوں پر ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردی اور انٹر بورڈ آفس کو بھی بند کرادیا، ایس ایچ او شارع نور جہاں راجہ طارق نے بتایا کہ مقتول نصیب خان کا آبائی تعلق کالا ڈھاکہ سے تھا اور4ماہ قبل کالا ڈھاکہ میں اس کے بھائی نسیم خان کو بھی قتل کردیا گیا تھا۔

ایف بی صنعتی ایریا تھانے کی حدود مدینہ کالونی ایف بی ایریا بلاک22کچی آبادی میں ہوٹل میں بیٹھے افراد کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی کے بعد فائرنگ ہوگئی جس کے نتیجے میں انور خان ہلاک اور فیض اﷲ، سری خان جبکہ انور زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔اورنگی ٹاؤن ضیاء کالونی ربانی محلہ سیکٹر4-Fمیں گھر کے اندر جھگڑے کے دوران سجاد نے خنجر کے وار کرکے اپنے بھائی22سالہ ابراہیم ولد عبدالرشید کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا،

شیر شاہ تھانے کی حدود پراچہ چوک کے قریب مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل پر جانے والے33سالہ امانت علی ولد دین محمد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق امانت علی بینک سے ایک لاکھ روپے لے کر جارہا تھا کہ راستے میں ملزمان نے اسے قتل کردیا اور فرار ہوگئے،مقتول پاکستان نیوی کا ریٹائرڈ ملازم تھا،سہراب گوٹھ کے قریب عوامی نیشنل پارٹی کا صوبائی سیکریٹری اسمٰعیل محسود قاتلانہ حملے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہا تاہم کار ڈرائیور 35 سالہ شکیل حسین گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں نجی اسپتال لیجایا گیا


جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا،حیدری مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے انفارمیشن سیکریٹری 55 سالہ افضال احمد شدید زخمی ہوگئے جنھیں انتہائی تشویشناک حالت میں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا، پولیس کے مطابق افضال احمد کی حیدری مارکیٹ میں جیولرز کی دکان ہے جسے بند کر کے وہ جا رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے نقدی چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر عدنان بھی زخمی ہوگیا،

رسالہ کے علاقے چاند بی بی روڈ کے قریب سنی تحریک کے مرکز کے قریب کھڑی ہوئی پولیس موبائل پر فائرنگ سے کانسٹیبل احمد خان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا،پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل پر تعینات عملہ اسنیپ چیکنگ کر رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ دیا جس پر پیچھے بیٹھے ہوئے ملزم نے اسلحہ نکال کر فائرنگ کر دی ،سپاہی کی حالت تشویشناک ہے،نیو کراچی کے علاقے گودھرا کیمپ کے قریب فائرنگ سے حاجی ظفر،کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے بلال چورنگی کے قریب مہراب گل،ویٹا چورنگی کے قریب مندوس خان اور اس کا بھائی امبر خان،منظور کالونی میں 2سالہ بلال زخمی ہوگیا،

شمیم شہید پولیس چوکی کی حدود عباسی شہید اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی60سالہ رئیسہ زوجہ عبدالرحمن نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئی، اورنگی ٹاؤن امروہوی کالونی میں فائرنگ سے کلثوم بی بی زوجہ اقبال زخمی ہوگئی۔دریں اثناء اتوار کی شب عزیز آباد اور گلبہار کے علاقوں سے 2 نوجوانوں کی لاشیں ملی تھیں جنھیں ورثا نے پیر کو ایدھی سرد خانے میں شناخت کرلیا ، عزیز آباد سے ملنے والی لاش کی شناخت الطاف احمد شاہ ولد معظم شاہ کے نام سے کی گئی جس کی عمر تقریباً 28 برس تھی ، ورثا میت لے کر تدفین کے لیے پشاور روانہ ہوگئے ،

گلبہار کے علاقے سے ملنے والی لاش کی شناخت مبین احمد ولد منیر احمد کے نام سے کی گئی جس کی عمر تقریباً 18 برس تھی ، مقتول کو شناخت کرنے والے اس کے رشتے دار عارف نے ایکسپریس کو بتایا کہ دونوں نوجوان خواجہ اجمیر نگری کے رہائشی تھے اور ایک ہی محلے میں رہتے تھے ، ہفتہ کو دونوں لیاقت آباد دس نمبر پر واقع مویشی منڈی سے دنبہ خریدنے گئے تھے۔

 
Load Next Story