مشرف کو 5 روز کیلئے دبئی جانے کی اجازت دینے پرغور شروع

قانونی پہلوؤں کا جائزہ،تحریری گارنٹی یاحکومتی ٹیم کیساتھ والدہ کی عیادت کو روانہ کرنیکی تجاویز


عامر خان April 02, 2014
قانونی پہلوؤں کا جائزہ،تحریری گارنٹی یاحکومتی ٹیم کیساتھ والدہ کی عیادت کو روانہ کرنیکی تجاویز ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وفاق نے سابق صدر پرویزمشرف کوانسانی ہمدردی کی بنیاد پر 3 سے 5 روزکیلیے والدہ سے ملنے دبئی جانے کی اجازت دینے پرغوراور مشاورت شروع کردی۔

تاہم ان کی روانگی کی اجازت دینے کے تمام قانونی پہلوؤں کاجائزہ لیاجارہا ہے اورحکومتی قانونی ٹیم اس حوالے سے باریک بینی سے قانونی جائزہ لے رہی ہے،وزیراعظم نوازشریف نے پرویزمشرف کے معاملے پرمنگل کوطویل مشاورت کی اور حکومتی قانونی ٹیم کو ٹاسک دیاہے کہ 24گھنٹے میں قانونی جائزے پرمبنی مفصل رپورٹ پیش کی جائے،اس رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

اس معاملے پر وزیراعظم کوتجویزدی گئی ہے کہ اگر مشرف کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے معاملے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں تو انسانی ہمدرری کی بنیادپران کانام ای سی ایل سے نکال دیاجائے اور ان کو کچھ دنوں کے دبئی جانے کی اجازت دے دی جائے تاکہ وہ اپنی علیل والدہ کی عیادت کرسکیں،اگرقانونی طورپرویز مشرف کانام ای سی ایل سے نکالنے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں آیاتوان سے تحریری گارنٹی طلب کی جاسکتی ہے کہ وہ اپنی والدہ کی عیادت کے بعدوطن واپس آئیں گے،حکومت اس معاملے پرسیاسی قوتوں کوبھی اعتماد میں لے گی۔توقع ہے کہ جلدوزیراعظم کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس میں کوئی حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا ،ایک تجویزیہ بھی سامنے آئی ہے کہ حکومتی ٹیم کے ہمراہ مشرف کودبئی خصوصی طیارے میں بھیجاجائے اوروالدہ سے ان کی ملاقات کرواکرواپس وطن لایاجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں