راولپنڈی سول لائن خودکش حملہ 36 افراد کی ہلاکت میں ملوث دہشت گرد گرفتار

سول لائن میں 2009ء میں حملے میں 36 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، دہشت گرد کے دو ساتھی فوجی عدالت سے سزا کے بعد جیل میں ہیں

(فوٹو : فائل)

سی ٹی ڈی نے 2009ء میں راولپنڈی میں خودکش حملے میں 36 افراد کی ہلاکت میں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے راولپنڈی سے انتہائی مطلوب مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔


ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ دہشت گرد اکمل سے سی ٹی ڈی نے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا، گرفتار دہشت گرد سے بارودی مواد، چار ڈیٹونیٹر اور سیفٹی فیوز برآمد ہوئے۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران مبینہ دہشت گرد کے راولپنڈی میں خودکش حملے میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا۔راولپنڈی سول لائن میں 2009ء میں خودکش حملہ ہوا تھا جس میں 36 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، مبینہ دہشت گرد کے دو ساتھی فوجی عدالت سے سزا کے بعد اب تک جیل میں ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کے خلاف سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Load Next Story