وزیر خارجہ کی روس سے سستا تیل خریدنے کی تردید

سستا تیل خریدنے کی باتیں ٹرک کی بتی کے سوا کچھ نہیں، توانائی کے مسائل سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں، میڈیا سے گفتگو


ویب ڈیسک December 16, 2022
پاکستان میں روسی تیل کو صاف کرنے کا نظام ہی موجود نہیں، بلاول بھٹو زرداری (فوٹو ویڈیو گریب)

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے روس سے سستا تیل خریدنے کی دو ٹوک انداز میں تردید کردی۔

ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے روس سے تیل خریدا ہے اور نہ ہی اس کی کوشش کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سستا تیل خریدنے کیلیے روس کے ساتھ پاکستان کے مذاکرات جاری

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں روسی تیل کو صاف کرنے کا نظام ہی موجود نہیں، جس کی وجہ سے ہم روسی تیل نہیں خرید سکتے۔ بھارت میں روسی تیل صاف کرنے کا نظام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم روس سے تیل نہیں گندم خرید رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مستقبل میں ہم کوشش کر سکتے ہیں کہ پاکستان میں روسی تیل صاف کرنے کا نظام لگا سکیں، لیکن فوری طور پر اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔ سستا تیل خریدنے سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کل کوئی بھی رعایتی نرخ پر تیل نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ سستا تیل خریدنے کی باتیں حقائق نہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: روس سے30 فیصد سستا تیل لینے پر پابندی ہٹ گئی، اسحٰق ڈار

انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی سے متعلق درپیش مسائل اور ضروریات سے بھرپور انداز میں نمٹنے کی کوشش کررہا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ کے بعد یورپ نے روسی تیل اور گیس پر انحصار کیا ہے، لیکن پاکستان نے نہیں۔ انہوں نے رعایتی نرخوں پر روس سے تیل کی خریداری کی باتوں کو ''ٹرک کی بتی'' قرار دیا۔

واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے چند روز قبل ہی بیان دیا تھا کہ روس پاکستان کو رعایتی نرخوں پر خام تیل دے گا جب کہ انہوں نے حال ہی میں وزارت پیٹرولیم کے عہدیداروں کے ساتھ روس کا دورہ بھی کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں