لاپتا شہری کیس عدالت نے معاملہ کمیشن کو بھجواتے ہوئے درخواست نمٹادی

ہمیں خوشی نہیں ہوتی کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو عدالت بلائیں، سماعت کے دوران جسٹس ریاض کے ریمارکس

لاپتا افراد کا معاملہ کمیشن کے سامنے ہے اور درخواست کا شق وار جواب بھی جمع کرادیا گیا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے لاپتا شہری کیس کا معاملہ کمیشن کو بھجواتے ہوئے درخواست نمٹادی۔


اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان نے لاپتا شہری محمد عارف کیس کی سماعت کی جہاں ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ظہیر الاسلام کی جانب سے کرنل فیاض عدالت میں پیش ہوئے اور آئی ایس آئی کی جانب سے سربمہر رپورٹ پیش کی، جسٹس ریاض نے ڈی جی آئی ایس آئی کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خفیہ رپورٹ پڑھ کر واپس کرتے ہوئے کہا کہ جواب داخل کرنے کے لئے 6 ہفتوں کی مہلت مانگی جاتی ہے لیکن کوئی پیش نہیں ہوتا، ہمیں خوشی نہیں ہوتی کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو عدالت بلائیں لیکن طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہوکر عدالت کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ لاپتا افراد کا معاملہ کمیشن کے سامنے ہے اور درخواست کا شق وار جواب بھی جمع کرادیا گیا ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کمیشن کی کارروائی سست روی کا شکار ہے۔ عدالت نے معاملہ کمیشن کے سامنے ہونے کے باعث درخواست نمٹاتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کی بازیابی کے لئے کمیشن کام کر رہا ہے اور یہ معاملہ تفتیش طلب اور شواہد مانگتا ہے جس کا عدالت کو اختیار نہیں۔
Load Next Story