ہماری منزل جامع اسلامی مالی نظام ہےگورنر اسٹیٹ بینک

بینک اسلامی بینکاری کی غیر استعمال شدہ صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں، جمیل احمد


Business Reporter December 17, 2022
پائیدار ترقی کاتصور مستقبل کوواضح دیکھنے کی صلاحیت پرمبنی ہے،سمیع ابراہیم۔ فوٹو: فائل

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ہماری آخری منزل ایک جامع اسلامی مالی نظام ہے۔

اسٹیٹ بینک نے 15 دسمبر 2022ء کو اسلام آباد میں اسلامک فنانشل سروسز بورڈ (IFSB) کے 41 ویں کونسل اجلاس کی میزبانی کی، اجلاس کی صدارت گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کی جو 2022کے لیے آئی ایف ایس بی کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، اجلاس میں مرکزی بینکوں کے گورنرز اور سینئر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ ہماری آخری منزل ایک جامع اسلامی مالی نظام ہے جو شریعت کے مقاصد اور اسٹیک ہولڈرز کی توقعات پر پورا اترے۔

عوامی لیکچر کے ساتھ ربط پیدا کرتے ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف مکمل طور پر ان مقاصد سے ہم آہنگ ہیں،انھوں نے بینکوں کو مشورہ دیا کہ وہ اسلامی بینکاری کی غیر استعمال شدہ صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ ملک میں اس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔

پہلا عوامی لیکچر معروف بین الاقوامی اسلامی فنانس اسکالر چیف اکنامسٹ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر سمیع ابراہیم السویلم نے دیا، اپنے لیکچر میں انھوں نے پائیدار ترقیاتی اہداف کو عملی جامہ پہنانے میں اسلامی مالیات کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کا پورا تصور مستقبل کو واضح طور پر دیکھنے کی صلاحیت پر مبنی ہے جس سے نہ صرف اس نسل بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی وسائل کی منصوبہ بندی کی جاسکتی ہے، اسٹیٹ بینک نے 14 دسمبر 2022کو آئی ایف ایس بی ممبرز اور انڈسٹری انگیجمنٹ سیشن کی بھی میزبانی کی۔

انڈسٹری انگیجمنٹ سیشن میں آئی ایف ایس بی کے سیکریٹری جنرل نے شرکا کو آئی ایف ایس بی کی سرگرمیوں اور رکنیت کے مختلف زمروں میں اس کے ارکان کو دستیاب فوائد سے آگاہ کیا، تقریب میں بینکوں اور غیر بینکاری مالی اداروں کے سی ای اوز، اثاثہ جات کی انتظامی کمپنیوں، بروکریج فرموں اور تعلیمی اداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی گورنر محترمہ سیما کامل نے بھی ملک میں اسلامی بینکاری کے موجودہ نمو کے رجحانات اور اسلامی مالیات کی پائیدار ترقی میں آئی ایف ایس بی کے کردار کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |