کے الیکٹرک صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں 7 روپے کمی کا امکان
کے الیکٹرک نے فی یونٹ قیمت میں 7 روپے کمی کی درخواست دے دی
December 17, 2022
کے الیکٹرک نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد مین فی یونٹ قیمت میں 7 روپے کمی کیلیے درخواست نیپرا کو بھیج دی۔
تر جمان کے الیکٹرک کے اعلامیہ کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 27 دسمبر کو عوامی سماعت کا اعلان کیا ہے۔ کے الیکٹرک نے نومبر 2022 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) میں 7 روپے 04 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی ہے ۔
ایف سی اے کا انحصار ایندھن کی عالمی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر ہوتا ہے اور یہ نیپرا اور حکومت پاکستان کے طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت صارفین کو بلوں کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے۔
نیپرا عوامی سماعت اور درخواست کی جانچ پڑتال کے بعد ایف سی اے کی منظوری دیتا ہے اور ساتھ ہی اُس ماہ کا تعین بھی کرتا ہے، جس میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کو صارفین کو منتقل کیا جانا ہے۔ عالمی ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل چار ماہ سے کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔
نومبر 2022 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی بنیادی وجہ آر ایل این جی کی قیمت میں 18 فیصد، فرنس آئل کی قیمت میں 15 فیصد اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے۔ جی) سے خریدی گئی بجلی کی قیمت ستمبر 2022 کے مقابلے میں 37 فیصد کمی ہے۔