اسمبلیاں مدت پوری کریں گی توسیاسی اور معاشی استحکام آئے گاوزیر قانون
معیشت کی بہتری کے لئے اسمبلیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، اعظم نذیر تارڑ
وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اسمبلیاں مدت پوری کریں گی تو پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین اور جمہوریت پر یقین رکھنے والے اسمبلیاں نہیں توڑتے، اسمبلیاں توڑنے کا اعلان عمران خان کی آمرانہ اور فسطائی ذہنیت کا نتیجہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 2018 کی "سلیکشن" کے باوجود ہم جمہوریت کے تسلسل کی خاطر پارلیمنٹ میں بیٹھے تھے کیونکہ پارلیمنٹ مدت پوری کرتی ہے تو جمہوریت مضبوط ہوتی ہے اور جمہوریت کے تسلسل سے معیشت ترقی کرتی ہے۔
وزیر قانون نے کہا کہ پارلیمنٹ کے تسلسل سے سیاسی استحکام آتا ہے، عوام کی ترقی کا عمل آگے بڑھتا ہے، سیاسی زلزلے اور آمرانہ آفٹرشاکس جاری رہیں تو معیشت مضبوط نہیں ہوتی اور مہنگائی بے قابو ہو جاتی ہے۔