پی ڈی ایم کا عمران خان کے اسمبلی تحلیل کے اعلان پر یوم تشکر منانے کا اعلان

پی ڈی ایم بھرپور انداز سے الیکشن لڑے گی، آئین کے مطابق 90 دن میں خالی حلقوں میں الیکشن ہوجائیں گے، وزرا کا ردعمل


ویب ڈیسک December 17, 2022
فوٹو فائل

وفاقی وزیر برائے مںصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے اسمبلی تحلیل کرنے کے اعلان کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اس پر ملک بھر میں یوم تشکر منائیں گے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں اور عمران خان کے اعلان کو خوش آمدید کہتے ہیں، عمران خان کو ملک میں ہونے والی سیلاب کی تباہ کاریوں کا اندازہ نہیں اور وہ اپنے اقتدار کے لیے کچھ بھی کرنے کیلیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ان الیکشنز میں بھرپور حصہ لے گی، عمران خان کی زیر تسلط اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد ملک میں آئین کے مطابق انتخابات ہوں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم سابق حکومت کی تباہ کاریوں کی مرمت کررہے ہیں اور عمران خان کو مزید وقت دے کر معیشت اور بچے کچے سرمائے کو تباہ نہیں کرواسکتے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خان صاحب نے اپنے دور اقتدار میں بس دو کام سیکھے، پہلا مخالفین پر جھوٹے کیسز بنانا اور دوسرا توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرنے کا ہے، یہ دونوں ہی کام انہوں نے بہت اچھے انداز سے کیے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس ملک کو ڈیفالٹ کرنے کے لیے یہ سارے حربے استعمال کر رہا ہے، عمران خان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے پر بالکل نہیں روکا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد آئین و قانون کے مطابق کاروائی ہوگی اور اگر آئین کی روشنی میں 90 دن میں الیکشن ہوتے ہیں تو ہم بہتر پوزیشن میں ہوں گے۔

دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ اور پی پی رہنما ناصر شاہ نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کس ڈھٹائی سے بول رہے ہیں کہ انکی حکومت جانی کے بعد ان پر سختیاں کی گئیں، عمران خان نے آصف علی زرداری، فریال تالپور، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار کروایا، آپکو گرفتار نہیں کیا گیا،آپ کو تو جیل کی ہوا نہیں کھلائی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ 'عمران خان کی تقریر کے دوران ساتھ بیٹھے دونوں وزراٗ اعلیٰ کے چہرے دیکھنے کے قابل تھے، واضح نظر آرہا تھا وہ عمران خان کے فیصلے کے ساتھ نہیں ہیں'۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ 'عمران خان جمعے کو اسمبلیاں تحلیل کریں ہم یوم نجات منائیں گے'۔

پی پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ 'دونوں وزرائے اعلیٰ اسمبلیاں تحلیل نہیں کریں گے، عمران خان نے دوست ممالک سے ملنے والے تحائف بیچنے پر جواب نہیں دیا، عمران خان کی تقریر چور مچائے شور کے علاوہ کچھ نہیں تھی'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں