امریکی حکومت شیخ رشید احمد کے معاملے پر معافی مانگے تحریک انصاف کا مطالبہ

صوبے میں 30 اپریل کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہیں لیکن الیکشن کمیشن تاخیر کر رہا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا


ویب ڈیسک April 02, 2014
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، فوٹو:فائل

تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے امریکی حکومت سے شیخ رشید احمد کے معاملے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کور کمیٹی کا کوئی رکن شیخ رشید کو روکے جانے کے معاملے پر امریکی انتظامیہ کی جانب سے معافی مانگنے تک امریکا کا سفر نہیں کرے گا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 30 اپریل کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہیں لیکن الیکشن کمیشن تاخیر کر رہا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے لئے کام جلد مکمل کرنے کا کہا جائے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات بائیومیٹرک سسٹم کے تحت کرانے کے لئے الیکشن کمیشن سے درخواست کردی، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے قانون بنایا جارہا ہے جبکہ صوبے میں بغیر کسی اعتراض کے حلقہ بندیوں کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں کور کمیٹی کے کسی رکن کے خیبر پختونخوا حکومت سے کاروبار نہ کرنے اور 25 اپریل کو اسلام آباد میں پارٹی کے 18ویں یوم تاسیس منانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ 21 مارچ کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ٹورنٹو جانے کے لئے اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ کینیڈا کی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی ایجنسی نے انہیں این او سی جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ سفر نہیں کرسکتے جب کہ قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو امریکا کی ہوم لینڈ سیکیورٹی ایجنسی کے آن لائن سیکیورٹی سسٹم سے کلیئرینس نہیں ملی جس کی وجہ سے انہیں کینیڈا جانے سے روکا گیا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کینیڈا سفر کرنے والے کسی بھی مسافر کے لیے امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی سے کلیئرنس حاصل کرنا ضروری ہوتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں