کورنگی میں شہریوں کے تشدد سے ہلاک ڈاکو ضمانت پر باہر آیا تھا پولیس

ڈاکو کی شناخت عمر خان کے نام سے ہوئی جو چند روز قبل غیر قانونی اسلحہ کیس میں گرفتار ہوا تھا، ایس ایچ او

(فوٹو: فائل)

کورنگی میں شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت کرلی گئی، ہلاک ہونے والا ڈاکو غیر قانونی اسلحے کے کیس میں ضمانت پر رہا تھا ، پولیس نے کریمنل ریکارڈ حاصل کرلیا ، واقعے میں جاں بحق نوجوان کے قتل کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے اظہر نامی نوجوان جاں بحق جبکہ اس کے والد سمیت دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔ شہریوں نے فوری طور پر ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا تھا۔ شہریوں کے تشدد کی وجہ سے ڈاکو بھی دم توڑ گیا تھا۔

ایس ایچ او عوامی کالونی انسپکٹر جمال لغاری نے بتایا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عمر خان کے نام سے ہوئی، پولیس نے اس کا کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا جس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی گرفتار ہوچکا ہے ، چند روز قبل لانڈھی تھانے میں غیر قانونی اسلحے کے کیس میں گرفتار ہوا تھا اور آج کل ضمانت پر رہا تھا۔


مزید پڑھیں: کراچی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر بیٹے کو باپ کے سامنے گولی مار دی

انہوں نے کہا کہ ملزم کے دوسرے ساتھی کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے اظہر کی تدفین اتوار کی شام تک نہیں ہوسکی ، اظہر کے کچھ رشتے دار شہر سے باہر مقیم ہیں جن کی آمد کا انتظار کیا جارہا ہے۔

پولیس نے مقتول اظہر کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

واضح رہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی تھی جس میں شہریوں کو ڈاکوئوں کا تعاقب کرتے ہوئے باآسانی دیکھا جاسکتا ہے ۔
Load Next Story