پی سی بی میں تبدیلیوں کی آندھی چل پڑی

نجم سیٹھی کے آنے پر سی او او اور کئی ڈائریکٹرز کی کرسیاں ہلنے لگیں گی


Saleem Khaliq December 19, 2022
 رمیز راجہ کی جانب سے ممکنہ برطرفی پر قانونی آپشنز کے استعمال کاامکان فوٹو : فائل

پی سی بی میں تبدیلیوں کی آندھی چل پڑی ہے تاہم کسی بھی وقت چیئرمین رمیز راجہ کو واپسی کا پروانہ تھما دیا جائے گا۔

سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم شہباز شریف کو پی سی بی میں تبدیلی کے حوالے سے آئی پی سی سے سمری موصول ہو چکی، اس پر رواں ہفتے ہی دستخط کا امکان ہے، رمیز راجہ کی جگہ نجم سیٹھی چیئرمین بننے کیلیے تیار ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ نئے سربراہ جب عہدہ سنبھالیں گے تو کئی آفیشلز کی چھٹی یقینی ہے،طوفانی رفتار سے ترقی کی منزلیں طے کرنے والے سی او او سلمان نصیر کا ستارہ گردش میں آ سکتا ہے، البتہ سی ای او فیصل حسنین کو بچانے کیلیے ان کے کئی چاہنے والے سرگرم ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ 2014 کا آئین اگر بحال ہوا تو اس میں چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ ہی موجود نہیں ہے، ایسے میں فیصل کو سی او او بنایا جا سکتا ہے۔

ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان سمیت کئی دیگر ٹاپ آفیشلز کی کرسیاں بھی ہلنے لگی ہیں،ندیم کے لیے بھی کئی سفارشیں سامنے آ چکی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کئی روز قبل ہی بورڈ کے بعض آفیشلز نے نجم سیٹھی سے رابطہ کر کے اپنی پوزیشنز بچانے کی کوشش شروع کردی تھی، چیف سلیکٹر محمد وسیم کا بھی عہدے پر مزید برقرار رہنا ممکن نہیں لگتا۔

دوسری جانب رمیز راجہ بھی عہدے سے ہٹائے جانے پر قانونی جنگ کا آپشن استعمال کرنے کا سوچ رہے ہیں، فوری کوشش اسٹے آرڈر لینے کی ہو گی،البتہ ممکنہ نئے حکام بھی اس حوالے سے تیار نظر آتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں