شمالی کوریا نے دفاعی بجٹ میں اضافے پر جاپان کو کارروائی کی دھمکی دیدی

جاپان نے 320 بلین ڈالر کے پانچ سالہ دفاعی منصوبے کا اعلان کیا تھا

جاپان کے دفاعی منصوبے پر شمالی کوریا نے امریکا پر بھی کڑی ےنقید کی، فوٹو: فائل

شمالی کوریا نے جاپان کا دفاعی بجٹ 320 بلین ڈالر تک کرنے اور نئی سیکیورٹی حکمت عملی کو غلط اور خطرناک قرار دیتے ہوئے جواباً کارروائی کی دھمکی دی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے وزیراعظم نے ایک پریس کانفرنس میں نئی دفاعی پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دفاعی بجٹ میں اضافے اور ہتھیاروں سمیت نئی فوج کی تیاری کے لیے 320 بلین ڈالر کی 5 سالہ منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

جاپان کے وزیراعظم نے کہا تھا کہ فوجی بجٹ میں اضافے اور جدید عسکری تیاریوں کا مقصد چین، روس اور شمالی کوریا سے لاحق خطرات کا جواب دینا ہے جو قومی سلامتی کے لیے بے حد ضروری ہے۔


اگر جاپان اپنے پانچ سالہ دفاعی منصوبے پر عمل درآمد کرلیتا ہے تو چین اور امریکا کے بعد فوج پر سب سے زیادہ خرچ کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا۔

شمالی کوریا نے جاپان کے دفاعی منصوبے کو ازسر نو اسلحہ سازی، دوبارہ حملوں کو بڑھاوا دینے اور اشتعال انگیزی پر مبنی قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی اور جاپان کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی۔

شمالی کوریا نے امریکا پر بھی کڑی تنقید کی اور جاپان کے دفاعی منصوبے کی جڑ امریکا کو قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ خطے طاقت کے توازن میں بگاڑ کا امریکی منصوبہ ناکام ہوگا۔
Load Next Story