بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے وزیردفاع

تمام یرغمالیوں کو رہا کرالیا، آپریشن میں دو اہل کار شہید اور ایس ایس جی افسر سمیت 15 زخمی ہوئے۔ خواجہ آصف


ویب ڈیسک December 20, 2022
(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

بنوں میں یرغمال بنائے گئے سی ٹی ڈی اہل کاروں کو رہا کرالیا گیا، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں تمام دہشت گرد مارے گئے، دو اہل کار شہید اور ایس ایس جی افسر سمیت 15 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دو روز قبل سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں نے حملہ کرکے اہل کاروں کو یرغمال بنالیا تھا اور انہیں رہا کرنے کے عوض مختلف مطالبات پیش کیے تھے جن میں افغانستان کی طرف محفوظ راستہ دینے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

مزید پڑھیں؛ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں سے مقابلے کی صلاحیت ہی نہیں، رپورٹ میں انکشاف

اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں سے مذاکرات کی کوشش کی گئی تاہم ناکامی کے بعد آج سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل سیل کرکے گھیرے میں لیا اور آپریشن شروع کردیا جس میں ہیلی کاپٹر اور پاک فوج کے ایس ایس جی (اسپیشل سروسز گروپ) کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔

police personnel man road blocks on routes heading towards bannu cantonment photo express

ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران آپریشن وقفے وقفے سے دو طرفہ فائرنگ ہوئی اور مقابلے میں تمام دہشت گرد مارے گئے جس کے بعد کمپاؤنڈ کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔

سی ٹی ڈی کی حراست میں 33 دہشت گرد تھے آپریشن میں سب مارے گئے، وزیر دفاع

دریں اثنا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایوان کو بتایا کہ اٹھارہ دہشت گرد سی ٹی ڈی کی حراست میں تھے، ایک دہشت گرد نے سی ٹی ڈی اہلکار کے سر پر اینٹ مارکر اسلحہ چھین لیا۔

انکا کہنا تھا کہ بیس دسمبر کو ساڑھے بارہ بجے ایس ایس جی نے آپریشن شروع کیا جس میں تمام 33 دہشت گرد مارے گئے، ایس ایس جی کے ایک افسر سمیت دس سے پندرہ اہلکار زخمی ہوئے ہیں، افسوسناک پہلو یہ ہے کہ دہشت گردی دوبارہ سراٹھارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بنوں میں آپریشن مکمل ہوگیا ہے تاہم کلیئرنس کا عمل جاری ہے، واقعہ کی تفصیلات آئی ایس پی آر جاری کرے گا، ہمارے کچھ فوجی زخمی جبکہ دو شہادتیں ہوئی ہیں۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق مختلف گروہوں سے تھا، صوبائی حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے، سیکیورٹی فورسز ہی سب کام کریں، صوبائی ہیلی کاپٹر عمران خان کے استعمال میں ہیں، خیبرپختونخوا کے حکمران مکمل طور پر ناکام ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ اور وزرا عمران خان کے ہاتھوں یرغمال ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں