اداکار فیروز خان اور شنیرا اکرم کے درمیان نوک جھونک کا اختتام
ہزاروں بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں، پاکستان کی بہتری کے لیے کام کریں اس کے خلاف نہیں، شنیرا اکرم
سماجی کارکن شنیرا اکرم اور اداکار فیروز خان کے درمیان طویل بحث و مباحثہ اختتام کو پہنچ گیا۔
فیروز خان کی اگنور والی ٹویٹ پر شنیرا اکرم نے لکھا کہ 'آپ بھلے مجھے نظر انداز کردیں لیکن یہ بات نظر انداز ہرگز نہ کریں کہ آپ کا ایک عمل لاکھوں لوگوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی کے لیے آواز بلند کریں اور ہزاروں بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں، پاکستان کی بہتری کے لیے کام کریں اس کے خلاف نہیں۔
جواب میں اداکار فیروز خان بھی سماجی کارکن سے متفق نظر آئے تاہم انہیں نے اپنی غلطی تو تسلیم نہ کی لیکن روڈ سیفٹی کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
اداکار نے لکھا کہ آپ کے الفاظ اب مجھے بہتر لگ رہے ہیں، میں روڈ سیفٹی اور اس حوالے سے فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے کام کرنا پسند کروں گا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ایک باپ موٹر سائیکل پر بارش کے دوران اپنے بچے کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنی جیکٹ میں چھپائے ہوئے ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ایک باپ کو بہت سی چیزوں سے گزرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ اداکار فیروز خان گزشتہ دنوں اپنے بچے کو گود میں بٹھا کر بغیر سیٹ بیلٹ کے سفر کر رہے تھے، جس کی ویڈیو وائرل ہونے پر شنیرا اکرام نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔