فلم پٹھان ہندو پنڈت کی شاہ رخ خان کو جہادی قرار دیکر زندہ جلانے کی دھمکی

جس نے شاہ رخ کو قتل کیا اس کا مقدمہ لڑوں گا اور اس کے گھر والوں کی کفالت کروں گا؛ پرمہنس آچاریہ


ویب ڈیسک December 21, 2022
فلم پٹھان کا گانا بے شرم رنگ 12 دسمبر کو ریلیز ہوا تھا، فوٹو: فائل

فلم پٹھان میں شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کے گانے کی ویڈیو ریلیز ہونے پر انتہا پسند ہندوؤں نے ہنگامہ کھڑا کردیا اور ایک پنڈت نے شاہ رخ خان کو جہادی قرار دیکر زندہ جلانے کی دھمکی دیدی۔

یوں تو بالی ووڈ میں مسلم اداکاروں کی اپنی ہی ایک الگ دھاک ہے۔ ماضی کے نامور ہیرو دلیپ کمار ہوں، قادر خان یا امجد خان یا اب خانز ۔ ان سب نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے بالی ووڈ کو دنیا کی بہترین فلم انڈسٹری میں سے ایک بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

تاہم ہندو انتہا پسندوں کو مسلم اداکاروں کی یہ کامیابیاں ایک آنکھ نہیں بھاتیں اس لیے وہ مختلف حیلے بہانوں سے ان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں اور اپنے تعصب اور نفرت کا شکار بناتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : دپیکا اور شاہ رخ کی فلم 'پٹھان' ریلیز سے پہلے ہی تنازعات کا شکار

ان انتہا پسندوں کا تازہ شکار بالی ووڈ کے کنگ خان ''شاہ رخ خان'' ہوئے ہیں جن کی آنے والی فلم پٹھان کے گانے ''بے شرم رنگ'' نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی ہے اور سوشل میڈیا پر اسے دیکھنے والوں کی تعداد دس ملین سے زیادہ ہے۔



اس گانے میں دپیکا پڈوکون نے زعفرانی رنگ کا جوڑا پہنا ہے اور کافی بولڈ مناظر ریکارڈ کروائے ہیں۔ زعفرانی رنگ ہندو مذہب میں مقدس سمجھا جاتا ہے اور اکثر پنڈت اسے زیب تن کرتے ہیں۔

ہیروئن کے لباس سے ہیرو کا کوئی لینا دینا نہیں ہوتا یہ ڈائریکٹر، کہانی نویس اور ڈریس ڈیزائنر کا کام ہوتا ہے جس میں لباس پہننے والی یا والے اداکار کی بھی رائے لے جاتی ہے لیکن انتہاپسند ہندو بس ایک موقع کی تلاش میں تھے۔

ہندو انتہا پسندوں نے شاہ رخ کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا اور بات احتجاج تک جا پہنچی۔ اس سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے انتہاپسند پنڈت پرمہنس آچاریہ نے ویڈیو پیغام میں شاہ رخ خان کو جہادی قرار دیکر زندہ جلانے کی دھمکی دیدی۔

یہ خبر پڑھیں : متنازع فلم پٹھان کے گانے 'بےشرم رنگ' نے ایک ہفتے میں 100ملین ویوز سمیٹ لیے

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہندو پنڈت نے فلم کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے شاہ رخ خان کا پوسٹر جلایا ہے اور اگر مجھے کہیں شاہ رخ خان مل جائے تو اسے زندہ جلا دوں۔

ہندو پنڈت نے شاہ رخ خان کو قتل کرنے والے کا مقدمہ لڑنے اور قاتل کے اہل خانہ کی کفالت کا وعدہ بھی کیا۔ ایودھیا کے ایک رہائشی نے بتایا کہ پرمہنس آچاریہ نے ایک شخص کو شاہ رخ خان کی کھال اتارنے کے لیے بھی بھیجا ہے۔

https://twitter.com/Indian10000000/status/1605240719723343872?s=20&t=liwnsJYdy3RQHN5fPuyzjg

خیال رہے کہ فلم پٹھان کا گانا بے شرم رنگ 12 دسمبر کو ریلیز ہوا تھا اور سب سے پہلے مدھیہ پردیش کے وزیر ڈاکٹر نروتم مشرا نے گانے میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کی بکنی پہنے پر اعتراض کیا تھا۔

جس کے بعد ملک کے کئی حصوں میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے اور انتہا پسند جماعت وشو ہندو پریشد نے فلم کی ریلیز پر سخت اعتراض کیا اور دائیں بازو کی تنظیموں نے شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے پتلے جلائے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں