دل و جان سے عمران خان کیساتھ ہیں چوہدری پرویز الہیٰ
ایم پی ایز کو خریدنے کی کوشش کی گئی تو کل گورنر ہاؤس کے باہر بڑا اجتماع کریں گے، پی ٹی آئی
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے عمران خان کی مبینہ آڈیو وائرل ہونے پر دل و جان سے چیئرمین پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ دو روز سے سوشل میڈیا پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی مبینہ آڈیو وائرل ہورہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے عمران خان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے دل و جان سے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں اور اختلافات کا پراپیگنڈہ کرنے والوں کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے کیوں کہ مسلم لیگ قائداعظم متحد ہے اور متحد رہے گی۔
اسی اثناء میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اہم فیصلوں کی منظوری کیلئے کل پنجاب کابینہ کا اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پنجاب میں اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہیٰ کو 187ارکان کی حمایت حاصل ہے اسی لیے عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ فیصلے میں ہے کہ گورنر اعتماد کے ووٹ کے لیے کم از کم دس دن کا وقت دے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں اسی لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے ہمارے ایم پی ایز کو پیسوں کی آفرز کی جارہی ہیں، ہمارے ایم پی ایز کو ٹیلی فون کالز آرہی ہیں اور انہیں خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ کل عمران خان 5 بجے قوم سے خطاب کریں گے اور اگر ایم پی ایز کو خریدنے کی اپوزیشن کی کوشش جاری رہی تو کل گورنر ہاؤس کے سامنے ایک بہت بڑا اجتماع کریں گے۔