22 دسمبر سال کی سب سے طویل رات اور مختصر ترین دن

یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں 20 سے 23 دسمبر تک کسی بھی دن ہوسکتی ہیں


ویب ڈیسک December 21, 2022
فوٹو فائل

رواں سال میں آج کی رات پورے سال کی طویل ترین رات جبکہ 22 دسمبر کا دن سارے سال کا سب سے مختصر دن ہوگا۔

فلکیاتی اداروں کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب زمین کے شمالی نصف کرے (Northern Hemisphere) میں سال کی طویل ترین رات ہوگی اور جمعرات کا دن سال کا مختصر ترین دن ہوگا۔

یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں 20 سے 23 دسمبر تک کسی بھی دن ہوسکتی ہیں۔ اس سال یہ موقع 22 دسمبر کی رات اور دن کو ملا ہے۔

واضح رہے کہ وہ موقع جب شمالی نصف کرے میں سال کی طویل ترین رات ہو، اسے فلکیات کی زبان میں ''انقلابِ سرما'' (winter solstice) یا ''انقلابِ شمالی'' (Northern solstice) بھی کہا جاتا ہے۔ البتہ اس حوالے سے ایک عام غلط فہمی یہ پائی جاتی ہے کہ انقلابِ سرما کے موقع پر زمین کا سورج سے فاصلہ سب سے زیادہ ہوتا ہے؛ ایسا نہیں ہوتا۔



اس کے برعکس، حقیقت یہ ہے کہ زمین اپنے محور پر 23.4 درجے جھکی ہوئی ہے جبکہ محوری گردش (axial rotation) کے دوران زمین کا اپنا محور بھی کسی گھومتے ہوئے لٹو کی مانند لڑکھڑاتا رہتا ہے۔

سورج کے گرد چکر لگاتے لگاتے سال میں ایک موقع ایسا آتا ہے جب شمال کی جانب زمینی محور کا انتہائی جھکاؤ سورج سے مخالف سمت میں ہوجاتا ہے لیکن چونکہ زمین کی محوری گردش مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے اس لیے یہ موقع آنے کے فوراً بعد ہی زمینی محور کا جھکاؤ واپس پلٹنے لگتا ہے۔

یعنی زمین کے شمالی نصف کرے کا جھکاؤ ایک بار پھر سورج کی سمت ہونے لگتا ہے۔ نتیجتاً انقلابِ سرما کے فوراً بعد راتیں چھوٹی اور دن طویل ہونے لگتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں