بھارت میں تیزی سے بڑھتی مذہبی انتہا پسندی پر تشویش ہے دفتر خارجہ
پاکستان دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا، دفتر خارجہ
پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت میں مذہبی انتہاء پسندی عروج پر ہے جس پر شدید تشویش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی تدفین میں بھارتی فورسز نے مشکلات پیدا کی تھیں، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے متعلق جامع بیان دیا ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر پابندی ناقابل قبول ہے کیونکہ پابندی اسلامی اقدار اور قرآنی تعلیمات کے برخلاف ہے لہٰذا طالبان عورتوں کی تعلیم پر پابندی کا فیصلہ فوری واپس لیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اس وقت امریکا کے دورے پر موجود وزیر خارجہ بلاول بھٹو بین الاقوامی سطح پر موسیماتی تبدیلی کے خطرات سے آگاہ کر رہے ہیں جبکہ وزیر خارجہ نے عالمی دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی سے بھی آگاہ کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے امریکا میں تھنک ٹینک ممبران سے بھی ملاقاتیں کیں۔