استعفوں کی تصدیق اسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی ارکان کو دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ

اسپیکر نے شاہ محمود قریشی کے خط کا جواب دے دیا اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کو علیحدہ علیحدہ بلایا جائے گا

(فوٹو : فائل)

اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک اںصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا اور استعفوں کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر سے ملاقات کا وقت مانگا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے شاہ محمود قریشی کے خط کا جواب دے دیا جس میں کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کے لیے پی ٹی آئی اراکین کو علیحدہ علیحدہ بلائیں گے۔

جوابی خط میں قومی اسمبلی کے رول 43 کا حوالہ بھی دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اسپیکر کو یہ اطمینان کرنا ہے کہ استعفیٰ رضاکارانہ اور اصل ہے، ممبر کے لیے ضروری ہے کہ وہ استعفیٰ کے اوپر تاریخ درج کرے، اگر استعفیٰ پر تاریخ درج نہیں تو استعفیٰ جمع کروانے کی تاریخ استعفیٰ کی تاریخ قرار دیا جائے گا۔


خط میں کہا گیا ہے کہ 11 اپریل کو جمع کروائے گئے استعفوں کی تصدیق کے لیے 30 مئی کو خط لکھا گیا، 6 سے 10 جون تک تصدیق کا وقت دیا گیا۔

تحریک انصاف استعفوں کی منظوری کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی

دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان آج اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے، تحریک انصاف استعفوں کی منظوری کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی رائے کے بعد پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان استعفوں کی تصدیق کے لیے پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز نے آج اسپیکر کے پاس پیش ہونے کا اعلان کررکھا تھا۔
Load Next Story