عدالت نے فیروز خان کی بچوں سے ملاقات کا وقت مقرر کردیا

سندھ ہائیکورٹ نے فیروز خان کی بچوں سے ملاقات سے متعلق درخواست پر ماتحت عدالت کے فیصلے میں جزوی ترمیم کردی


کورٹ رپورٹر December 22, 2022
فوٹو: انسٹاگرام

سندھ ہائیکورٹ نے اداکار فیروز خان کی بچوں سے ملاقات اور حوالگی سے متعلق درخواست پر ماتحت عدالت کے فیصلے میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے مکمل 5 یوم کے بجائے صبح 10 سے شام 5 بجے تک ملاقات کا وقت مقرر کردیا ہے۔

جسٹس آفتاب احمد گورڑ پر مشتمل سنگل بینچ کے روبرو معروف اداکار فیروز خان کی بچوں سے ملاقات اور حوالگی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار علیزے خان کے وکیل بیرسٹر قائم نے موقف دیا کہ فیروز خان کے بیٹے سلطان کی عمر محض 3 سال ہے، سلطان والدہ کے بغیر 5 روز تک باپ کے پاس نہیں رہ سکے گا جبکہ فیروز خان نے 5 یوم میں بیٹے سے فون پر بات کرانے سے بھی منع کردیا تھا۔

جسٹس آفتاب گورڑ نے ماتحت عدالت کے فیصلے میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے مکمل 5 یوم کے بجائے صبح 10 سے شام 5 بجے تک ملاقات کا وقت مقرر کردیا جبکہ عدالت نے وفاقی حکومت کو فیروز خان پر نظر رکھنے کا حکم بھی دیدیا تاکہ فیروز خان بیٹے کو لے کر ملک سے باہر نہ جائے۔

واضح رہے کہ ماتحت عدالت نے فیروز خان کے بیٹے سلطان کی کسٹڈی 5 روز کیلئے باپ کے حوالے کرنے اور فیروز خان کو بیٹے سلطان کے لئے 50 اور بیٹی فاطمہ کیلئے 30 ہزار ماہانہ دینے کا حکم بھی دیا تھا اور ہدایت دی تھی کہ ہر ماہ کی 14 تاریخ سے پہلے بچوں کے اخراجات ادا کردئیے جائیں۔.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں