دھند سے متاثرہ پروازوں کے مسافروں کی سہولت کیلئے ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ
ٹاسک فورسز اپنے اپنے ائرپورٹس پر متاثرہ فلائیٹس کے مسافروں کو ہر ممکن سہولت پہنچائیں گی،ترجمان سول ایوی ایشن
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پردھند سے متاثرہ پروازوں کے مسافروں کی سہولت کے لیے ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق کے بڑے ہوائی اڈوں کے ائرپورٹ مینیجر ٹاسک فورس کے سربراہ ہونگے، ٹاسک فورسز اپنے اپنے ائرپورٹس پر فرائض سر انجام دیں گی اور متاثرہ فلائیٹس کے مسافروں کو ہر ممکن سہولت پہنچائے گی۔
ترجمان کے مطابق ائرلائنز، اے ایس ایف، ایف آئی اے کے زریعے مسافروں کے ائرپورٹ پر معاملات کو جلد از جلد نمٹانا،ہوائی اڈوں پرمتعین ٹریفک پولیس کے ساتھ باہمی رابطوں کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کارپارک اورلین ٹو میں رش نہ بڑھے،اس کے ساتھ ساتھ ائرلائنز کے ذریعے مسافروں کے قیام وطعام وٹرانسپورٹ کی سہولیات کے بندوبست،مسافروں اورائرپورٹ آنے والوں کو موسم کی معلومات دینا اورفلائٹ انفارمیشن ڈسپلے سسٹم پرتازہ ترین معلومات کویقینی بنانا ہے۔