پنجاب کابینہ نے سرکاری اسکولوں میں 25ہزاراساتذہ بھرتی کرنے کی منظوری دیدی

صوبائی کابینہ نے لاہور کیلئے 15 ارب روپے کی لاگت سے 300 ماحول دوست ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری بھی دی

فوٹو فائل

لاہور: پنجاب کابینہ نے محکمہ اسکولز ایجوکیشن میں 25 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے اور 300 ماحول دوست ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعرات کو وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی صدارت میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کابینہ نے اساتذہ کی بھرتی سمیت متعدد فیصلوں کی منظوری دی۔

پنجاب کابینہ نے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وی سیز کی معیاد کے لیے پبلک سیکٹر یونیورسٹیز ایکٹ 2022 میں ترامیم اور سرکاری کالجز میں گریڈ 19 تک کے پرنسپل کی تقرری کا اختیار محکمہ ہائر ایجوکیشن کو دینے کی منظوری بھی دے دی۔

کابینہ نے پنجاب حکومت کی جانب سے عام آدمی کو فری لیگل ایڈ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی جب کہ فری لیگل ایڈ کے لیے پنجاب پبلک ڈیفنڈر سروس بل 2022 کی منظوری بھی دی گئی۔


اجلاس کے دوران کابینہ نے کاشتکاروں کےلیے سولر پمپس پروگرام کا دائرہ کار صوبے بھر میں پھیلانے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 23-2022 کے لیے اضافی وسائل کی فراہمی کی منظوری بھی دی۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ چند ماہ میں پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حجم میں 50 ارب روپے کا اضافہ کیا ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 685 ارب روپے سے 726 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

پرویز الہیٰ کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں صوبائی کابینہ نے لاہور کیلئے 15 ارب روپے کی لاگت سے 300 ماحول دوست ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئے علیحدہ اسٹاپ بنانے اور بسیں چلانے کا بھی منصوبہ ہے۔
Load Next Story