گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کردیا کابینہ بھی تحلیل

نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب تک پرویز الہیٰ کام جاری رکھیں گے جبکہ کابینہ کو تحلیل کردیا گیا ہے، نوٹی فکیشن

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ کو ڈی نوٹیفائی جبکہ چیف سیکریٹری نے صوبائی کابینہ کو تحلیل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

گورنر پنجاب نے وفاقی حکومت، لیگی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فکیشن اپنے ٹویٹر پر پیغام جاری کیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ 'وزیراعلیٰ نے مقررہ وقت تک اعتماد کا ووٹ نہیں لیا لہذا وہ عہدہ چھوڑ دیں'۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کی گئی تھی انہوں نے مقررہ وقت تک ایوان سے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا، بادی النظر میں وزیر اعلیٰ کو ایوان کی اکثریت حاصل نہیں رہی جس کے باعث انہیں ڈی نوٹیفائی کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: قانون کے مطابق پنجاب اسمبلی شاید جنوری میں ٹوٹے، اسپیکر

نوٹی فکیشن کے مطابق گورنر پنجاب نے 19 دسمبر شام چار بجے تک وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کی تھی، 48 گھنٹے گزرنے کے لیے باوجود پرویز الہیٰ نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا۔

حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 133 کے تحت پرویز الہیٰ کو سبکدوش اور کابینہ کو ختم کیا جارہا ہے۔
Load Next Story