مہاجروں کی نسل کشی بند کی جائے حق پرست ارکان اسمبلی

پولیس اور ریاستی اداروں کے متعصبانہ رویے کیخلاف مہاجر عوام میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے

کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث متعصب پولیس افسران کیخلاف کارروائی کامطالبہ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے ایم کیو ایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مہاجروں کی نسل کشی کے مترادف قرار دیا ہے۔


اپنے ایک مذمتی بیان میں حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے کہا کہ کراچی آپریشن کے نام پر پولیس کے متعصب افسران کا غنڈوں پر مشتمل ڈیتھ اسکواڈ تشکیل دے رکھا ہے جو ایم کیو ایم کی تشدد زدہ لاشیں شہر کے مضافاتی علاقوں اور دور دراز ویرانوں میں پھینک دی جاتی ہیں۔ حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مہاجر عوام میں پولیس اور ریاستی اداروں کے اس متعصبانہ رویے کیخلاف غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

انھوں نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے پولیس اور دیگر ریاستی اداروں کے اس رویے کو روکا نہ گیا تو عوام انصاف کے حصول کیلیے سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے وزیر اعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایم کیو ایم کے بیگناہ کارکنان کی بلا جواز گرفتاری اور ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند کرانے میں اپنا کردار ادا کریں اور پولیس و دیگر ریاستی اداروں میں موجود متعصب اور تنگ نظر افسران و اہلکاروں کیخلاف قانو نی کار روائی کریں۔
Load Next Story