’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 30 دسمبر کو بھارت میں ریلیز کی جائیگی بھارتی میڈیا

فلم پنجابی زبان میں بنائی گئی ہے، اس لیے فلم کی شمالی بھارت میں شاندار پذیرائی کے امکانات زیادہ ہیں


ویب ڈیسک December 23, 2022
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فلم بھارتی سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی اس سال کی آخری بڑی فلم ہوگی (فوٹو: انسٹاگرام)

انتہا پسندوں کی مخالفت کے باوجود بھارتی سینسر بورڈ کی جانب سے پاکستانی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی ریلیز پر غور جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو 30 دسمبر کو بھارت میں ریلیز کیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فلم بھارتی سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی اس سال کی آخری بڑی فلم ہوگی جوکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز ہوئی تھی۔

رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ فلم کو بھارتی ریاست پنجاب اور دہلی میں ریلیز 'زی اسٹوڈیوز' کروارہا ہے۔

زی اسٹوڈیوز کی جانب سے فلم کی پنجاب اور دہلی میں ریلیز کی یہ وجہ بتائی گئی ہے کہ مذکورہ فلم پنجابی زبان میں بنائی گئی ہے، اس لیے فلم کی شمالی بھارت میں شاندار پذیرائی کے امکانات زیادہ ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ابھی اس بات کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ فلم کو بھارت کے کن کن شہروں میں ریلیز کیا جائے گا لیکن امید ہے کہ 'زی اسٹوڈیوز' کی جانب سے فلم کی پنجاب اور دہلی میں ریلیز کے بعد اسے بھارت کے بڑے شہروں جیسے پونے، حیدرآباد، ممبئی اور بنگلور میں بھی ریلیز کردیا جائے گا۔

دوسری جانب، بھارتی ریاست نیو دہلی کے شہر گرگاؤں میں واقع 'PVR' سینماز نے اپنی ویب سائٹ پر'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کا پوسٹر اپلوڈ کرتے ہوئے فلم کی 30 دسمبر کو ریلیز کا اعلان بھی کردیا ہے جبکہ بھارتی پنجاب سے یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ وہاں کے سینما گھروں میں فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی میڈیا پر فلم'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کے بھارت میں 3 دسمبر کو ریلیز ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت کی جانب سے تمام خبروں کی تردید کردی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں