اسلام آباد بلدیاتی ترمیمی بل سینیٹ سے منظور

اسلام آباد کی یوسیز کی تعداد 125 جبکہ میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن براہ راست اور دونوں کیلیے ایک ہی ووٹ کاسٹ ہوگا، بل

فوٹو فائل

سینیٹ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترمیمی بل 2022 کی منظوری دے دی۔

اپوزیشن کے شور شرابے اور نعرے بازی میں بل کی شق وار منظوری دی گئی۔ بل کی منظوری کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کی نشست کسی بھی صورت خالی ہونے پر دوبارہ براہ راست انتخاب ہو گا جبکہ مئیر اور ڈپٹی میئر کے براہ راست انتخاب کے لیے ووٹنگ یونین کونسل کے الیکشن کے روز ہی ہوگی۔

چئیرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کی اور پی ٹی آئی کے اراکین اپنی نشستوں سے اٹھ کر چیئرمین کی ڈائس کے سامنے آگئے۔ رکن سینیٹ وسیم شہزاد نے کہا کہ کہ کارروائی بلڈوز نہ کی جائے یہ طریقہ کار ٹھیک نہیں ہے۔

اپوزیشن نے چئیرمین کی ڈائس کا گھیراو کیا اور ''الیکشن سے مت بھاگو'' کی نعرے بازی کرتے رہے۔


مزید پڑھیں: اسلام آباد میں یونین کونسلز نہ بڑھانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار

ایوان میں کورم کی نشاندہی بھی کی گئی تاہم کورم مکمل نکلا۔ جس پر اجلاس کی دوبارہ کارروائی شروع کی گئی اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیری ٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری دی گئی۔

اپوزیشن کے شور شرابے میں بل کی منظوری دی گئی۔ اپوزیشن کی طرف سے بل کی مخالفت کی گئی اور ایوان میں نعرے بازی جاری رہے۔ منظوری کے بعد اسلام آباد بلدیاتی انتخابات بل فوری طور نافذ العمل ہو گا۔

بل کے تحت اسلام آباد کی یونین کونسل کی تعداد 125 ہوگی جبکہ میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن براہ راست اور مئیر و ڈپٹی میئر کے لیے ایک ہی ووٹ کاسٹ ہوگا۔
Load Next Story