کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 11افراد ہلاک

نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے متحدہ کاکارکن،نیپئرمیں ماں بیٹی زخمی، بغدادی اورکھارادرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ


Staff Reporter September 15, 2012
نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے متحدہ کاکارکن،نیپئرمیں ماں بیٹی زخمی، بغدادی اورکھارادرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ،دکانیں ،کاروباربند۔ فوٹو : فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں11 افراد ہلاک،متحدہ کے کارکن، ماں اور بیٹی سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے ۔

پی آئی بی کالونی کے علاقے مینا بازار کے قریب جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے 30 سال فرخ خرم کو ہلاک کر دیا،لیاقت آباد 4 پلاٹ نمبر 4/735 پر تعمیر 4 منزلہ عمارت کی پہلی منزل سے 38 سالہ عمران کی لاش ملی،لیاقت آباد ہی کے علاقے 6 نمبر بی ون ایریا مکان نمبر 6/21 کی چھت پر سویا ہوا 18 سالہ لطیف نامعلوم سمت سے آنے والی پراسرار طور پرگولی گردن پر لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے عباسی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑگیا۔

رامسوامی نشتر روڈ نادرا آفس کے قریب موٹرسائیکل پر جانیوالے2 بھائیوں سمیت 3 نوجوانوں پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے تینوں دوست 20 سالہ عامر اور کا بھائی کاشف اور 21 سالہ حذیفہ زخمی ہوگئے جنھیں سول اسپتال لے جایا گیا جہاں حذیفہ نے دم توڑ دیا ، چاکیواڑہ کے علاقے گلستان کالونی مین روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 60 سالہ فضل خالق ہلاک جبکہ 25 سالہ شیر عالم زخمی ہوگیا ،شرافی گوٹھ کے علاقے مانسہرہ قبرستان موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 افراد پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 26 سالہ محمد علی ہلاک جبکہ اس کا دوست نواز زخمی ہوگیا۔

الفلاح کے علاقے ملیر ندی سے 32 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی،نیپئر کے علاقے کے ایم سی ورکشاپ طوبیٰ مسجد خواجہ نواز والی گلی میں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 40 سالہ شمیم زوجہ جلال ، اس کی بیٹی 16 سالہ قرۃ العین اور 38 سالہ انور موسانی زخمی ہوگئے،واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور کشیدگی پھیل گئی،مین یونیورسٹی روڈ پرانی سبزی منڈی ایدھی بوتھ کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے موٹرسائیکل سوار محمد ابراہیم زخمی ہوگیا ،لیاری نیا آباد شاہ عبدالطیف بھٹائی ہال کے قریب مہربان ہوٹل پرنامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے 28سالہ راجیش ہلاک ہو گیا۔

واقعے کے بعد نامعلوم مسلح افراد نے بغدادی اور کھارادر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کر کے دکانیں اوردیگر کاروبار بند کرادیا،اس دوران گولی لگنے سے 42 سالہ فاروق گھانچی ہلاک ہوگیا۔ملیر سعود آباد سورتی سوسائٹی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ نوید ہلاک جبکہ اس کے دو دوست 26 سالہ حمیر اور30سالہ امیر حمزا زخمی ہوگئے،نارتھ ناظم آباد ڈسلوا ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے36 سالہ ویلیم مسیح زخمی ہو گیا، جسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔

زخمی ہونے والا نارتھ ناظم آباد پہاڑ گنج کا رہائشی اور متحدہ قومی موومنٹ ایم او سی نارتھ ناظم آباد کا سیکٹر انچارج ہے،سولجر بازار کے علاقے الفیصل سوسائٹی مچھلی مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ رضوان زخمی ہو گیا ۔سہراب گوٹھ پل کے نیچے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار 45 سالہ عمر دین ہلاک ہو گیا۔ یوسف پلازہ کے علاقے سہراب گوٹھ پل کے نیچے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار 45 سالہ عمر دین ہلاک ہو گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں